رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: بلاگروں کے قتل کے الزام میں تین افراد گرفتار


بنگلہ دیش کی ’ریپڈ ایکشن بٹالین فورس‘ کے ایک ترجمان نے منگل کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے کالعدم تنظیم ’انصاراللہ بنگلہ‘ سے تعلق رکھنے والے توحید الرحمٰن اور دیگر دو فعال ارکان کو پیر کو ڈھاکہ سے گرفتار کیا۔

بنگلہ دیش کے حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے دو معروف سیکولر بلاگروں کے قتل کے شبے میں تین مذہبی شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ قتل ہونے والوں میں ایک بنگلہ دیشی نژاد امریکی شہری بھی شامل ہے۔

بنگلہ دیش کی ’ریپڈ ایکشن بٹالین فورس‘ کے ایک ترجمان نے منگل کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے کالعدم تنظیم ’انصاراللہ بنگلہ‘ سے تعلق رکھنے والے توحید الرحمٰن اور دیگر دو فعال ارکان کو پیر کو ڈھاکہ سے گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان پر شبہ ہے کہ انہوں نے امریکی شہری اویجیت رائے کو فروری میں اور اننتا بجوائے داس کو مئی میں قتل کیا۔

ان دونوں افراد کو حملہ آوروں نے چھرا گھونپ کر قتل کر دیا تھا۔

یہ دونوں ان چار سیکولر بلاگروں میں شامل ہیں جنہیں بنگلہ دیش میں اس سال قتل کیا گیا ہے۔

ریپڈ ایکشن فورس کے ترجمان نے کہا کہ 58 سالہ رحمٰن نے حکام کو بتایا ہے کہ وہ برطانوی شہری ہے۔

انصاراللہ بنگلہ کو قتل کے ان واقعات کے بعد کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔

فروری میں بنگلہ دیشی نژاد امریکی بلاگر اور مصنف اویجیت رائے کو ڈھاکہ میں قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے ’’مکتو مونا‘‘ (آزاد ذہن) نامی ایک مقبول بلاگ بنایا تھا اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف نظریات رکھتے تھے۔

مارچ میں اسلام کے متعلق تنقیدی نظریات رکھنے والے ایک اور بلاگر وثیق الرحمٰن کو تین انتہا پسندوں نے چھریوں سے وار کر کے دارالحکومت میں ہلاک کر دیا تھا۔

مئی میں 33 سالہ بلاگر اننتا بجوائے داس کو چاقوؤں سے مسلح ایک گروہ نے سلہٹ کے شمال مشرق میں بینک میں اپنی ملازمت کے اوقات میں قتل کیا۔ پولیس نے جون میں ایک مقامی فوٹو جرنلسٹ کو قتل کے شبہ میں پکڑ لیا تھا۔

قتل کا سب سے تازہ واقعہ گزشتہ ہفتے رونما ہوا جس میں 40 سالہ نیلوئے چکرورتی کو ایک مسلح گروہ نے قتل کیا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ انصاراللہ بنگلہ کے ارکان ہیں۔

XS
SM
MD
LG