رسائی کے لنکس

بنگلہ دیشی نژاد امریکی بلاگر کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار


اویجیت رائے اور ان کی اہلیہ رفیدہ احمد پر جمعرات کے روز ڈھاکہ یونیورسٹی کے کتابی میلے سے نکلتے ہوئے حملہ کیا گیا۔

بنگلہ دیش کی انسداد دہشت گردی فورس نے معروف بلاگر اویجیت رائے کے قتل کے مرکزی ملزم کو گرقتار کر لیا ہے۔ بنگلہ دیشی نژاد امریکی اویجیت رائے مذہبی بنیاد پرستی کے خلاف سرگرم تھے۔ انہیں گزشتہ ہفتے ڈھاکہ میں ہلاک کیا گیا۔

بنگلہ دیش کی خصوصی فورس کے ایک دستے نے اویجیت قتل کے ملزم فرابی شفی الرحمٰن کو ڈھاکہ سے پیر کی صبح گرفتار کیا۔

اس کارروائی میں حصہ لینے والی فورس کے ترجمان کے مطابق فرابی سخت گیر نظریات رکھنے والا بلاگر ہے جس نے اویجیت رائے کو فیس بک اور ٹویٹر پر دھمکیاں دی تھیں۔

بنگلہ دیش کے اخبار ’’ڈیلی سٹار‘‘ کے مطابق فرابی نے پچھلے سال فیس بک پر لکھا تھا کہ اویجیت رائے کو قتل کرنا ہر بنگالی مسلمان کا فرض ہے۔

اویجیت رائے اور ان کی اہلیہ رفیدہ احمد پر جمعرات کے روز ڈھاکہ یونیورسٹی کے کتابی میلے سے نکلتے ہوئے حملہ کیا گیا۔

رفیدہ احمد بھی اس حملے میں شدید زخمی ہو گئی ہیں اور تاحال ہسپتال میں ہیں۔

حالیہ برسوں میں اس سے پہلے بھی بنگلہ دیش میں سیکولر نظریات رکھنے والے افراد پر حملے کئے گئے ہیں۔ فرابی کو اس سے پہلے 2013 میں ایک اور بلاگر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا مگر بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG