رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: ہلاکتوں کی تعداد 500 سے زائد ہو گئی


گزشتہ ہفتے حادثے کے وقت عمارت میں تین ہزار افراد موجود تھے۔ اب بھی 150 لوگ لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے حکام ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔

بنگلہ دیش میں آٹھ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 501 ہوگئی ہے۔

جمعہ کو ملبے سے مزید لاشیں نکالے جانے کے بعد حکام نے مرنے والوں کی نئی فہرست جاری کی ہے۔

گزشتہ بدھ کو ڈھاکا کے قریب ساوار کے علاقے میں منہدم ہونے والی اس عمارت میں لگ بھگ تین ہزار افراد موجود تھے۔ یہاں گارمنٹس کی فیکٹری بھی تھی جہاں زیادہ تر خواتین کارکن کام کرتی تھیں۔

واقعے کے بعد ملک میں ٹیکسٹائل شعبے سے وابستہ افراد نے احتجاجاً کام بند کر دیا تھا جو جمعرات کو ایک ہفتے کی بعد دوبارہ بحال ہوا۔

ساوار کے میئر رفعت اللہ کو بھی جمعرات کو معطل کردیا گیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ میئر کو بھی ملک میں صنعتی شعبے کے سب سے بڑے اس حادثے کے ذمہ داروں میں شامل کیا جائے گا۔

حکام نے پہلے ہی عمارت کے مالک، اس میں قائم فیکٹریوں کے مالکان اور عمارت کے انجینیئروں سمیت آٹھ افراد کو حراست میں لے رکھا ہے۔

دریں اثناء امدادی کارکن جائے حادثہ سے ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کررہے ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ 150 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
XS
SM
MD
LG