رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: حکومت مخالف مظاہرہ، 150 افراد گرفتار


بنگلہ دیش میں لٹھ بردار پولیس نے کم ازکم 150 حکومت مخالف مظاہرین کوگرفتار کرلیا ہے۔ دسمبر2008 ء کے عام انتخابات کے بعد یہ ملک گیر سطح پر ہونے والے پہلے حکومت مخالف مظاہرے ہیں۔

سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی زیر قیادت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی نے اتوار کے روز یہ کہتے ہوئے ایک عام ہڑتال کی اپیل کی تھی کہ عوامی لیگ کی حکومت لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں مثلاً بجلی، گیس اور پانی مہیا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

جب کہ عوامی لیگ کا کہنا ہے کہ ہڑتال غیر ضروری تھی اور پارٹی کے سینیئر ارکان کا کہنا ہے کہ تمام حکومتی ادارے اپنا کام درست طور پر کررہے ہیں۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے افراد میں حزب اختلاف کا ایک رکن اسمبلی بھی شامل ہے۔

حکومت نےہڑتال کے موقع پر دارالحکومت ڈھاکہ میں تقریباً دس ہزار پولیس اہل کار تعینات کیے تھے ۔ ڈھاکہ میں دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

ڈھاکہ میں کئی سرگرم کارکنوں کو ہڑتال سے ایک روز قبل ہفتے ہی کے دن حراست میں لے لیا گیاتھا۔ عہدے داروں کا کہناہے کہ بہت سے کارکنوں پر گاڑیوں کو آگ لگانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG