رسائی کے لنکس

تنہائی ۔۔۔خاموش قاتل


تنہائی آپ کی زندگی کے ماہ و سال چراتی ہے اور تنہا رہنے والوں کی عمر ان لوگوں کی نسبت کم ہوتی ہے جو دوست احباب کے ساتھ وقت گذارتے ہیں۔

آپ اپنا وقت کیسے گذارتے ہیں؟ خاندان کے افراد اور دوست احباب کے ساتھ یا آپ کو تنہا رہنا اچھا لگتاہے۔ اگر آپ تنہائی پسند ہیں تو فوراً یہ عادت چھوڑنے کا سوچیئے کیونکہ ایک تازہ ترین مطالعاتی جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ تنہائی آپ کی زندگی کے ماہ و سال چراتی ہے اور تنہا رہنے والوں کی عمر ان لوگوں کی نسبت کم ہوتی ہے جو دوست احباب کے ساتھ وقت گذارتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تنہائی کی زندگی بسر کرنے والوں میں وقت سے پہلے مرنے کا امکان 50 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔

امریکی یونیورسٹیوں یوٹاہ اور نارتھ کیرولائنا میں کی جانے والی اس تحقیق میں تین لاکھ افراد کے حالات زندگی اور عادات کا مطالعہ کیا گیا۔ ان کے بارے میں معلومات اس حوالے سے گذشتہ 30 برس کے دوران کیے جانے والے والے 148 مطالعاتی جائزوں سے حاصل کی گئیں۔

اس تحقیق سے ظاہر ہوا کہ جو افراد نئے دوست بنانا اور دوسروں سے ملنا جلنا پسند کرتے ہیں ، ان کی عمر تنہا رہنے والوں کی نسبت اوسطاً پونے چار سال زیادہ ہوتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دوست بنانے اور لوگوں کے ساتھ وقت گذارنا صحت کے لیے اتنا ہی فائدہ مند ہے جتنا کہ تمباکو نوشی کی عادت ترک کرنا۔

مطالعاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر برٹ یوچینو کا کہنا ہے کہ دوست بنانے اور لوگوں کے ساتھ ملنے جلنے سے روزمرہ زندگی میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں ، اور مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے، جس سے اس ذہنی دباؤ اور اعصاب پر پڑنے والے تناؤ میں کمی آتی ہے جو صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

پروفیسر یوچینو کہتے ہیں کہ انسان بالعموم دوستوں کی باتوں پر کچھ نہ کچھ دھیان ضروردیتا ہے۔ مثلاً تنہا شخص اگر بیمار پڑجائے تو وہ ڈاکٹر کے پاس جانے اور دوا لینے سے تساہل برت سکتا ہے، لیکن اگرآپ کے دوست احباب اور رشتے دار ہوں تو وہ آپ کا دھیان باربار صحت کا خیال رکھنے کی جانب مبذول کراتے رہتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ دوست احباب رکھنے والا شخص نفساتی طورپر خود کو زیادہ محفوظ خیال کرتا ہے۔اسے ہنسنے مسکرانے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ وہ دوستوں سے اپنی پریشانیاں شیئر کرسکتا ہے۔ اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرسکتا ہے۔ اور یہ عوامل اسے پرسکون بنانے میں مدد کرتے ہیں۔

مطالعاتی ٹیم کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ بھی ظاہرہوا ہے تنہائی اور موت کے درمیان تعلق ہرعمرکی عورت اور مرد کے لیے یکساں تھا چاہے ان کی صحت کیسی ہی کیوں نہ ہو۔

  • 16x9 Image

    جمیل اختر

    جمیل اختر وائس آف امریکہ سے گزشتہ دو دہائیوں سے وابستہ ہیں۔ وہ وی او اے اردو ویب پر شائع ہونے والی تحریروں کے مدیر بھی ہیں۔ وہ سائینس، طب، امریکہ میں زندگی کے سماجی اور معاشرتی پہلووں اور عمومی دلچسپی کے موضوعات پر دلچسپ اور عام فہم مضامین تحریر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG