رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کے ساحلی علاقے میں 29 نئے جزیرے بن گئے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

زیادہ تر جزیرے خلیج کے ان حصوں میں بن رہے ہیں جہاں دریائے میگھنا گرتا ہے۔ یہ دریا، ہمالیہ سے نکلنے والے دو دریاؤں برہم پترا اور گنگا سے مل کر بنتا ہے۔

پچھلے ایک عشرے کے دوران بنگلہ دیش کے پانیوں میں درجنوں نئے جزیرے نمودار ہو چکے ہیں، جسے سطح سمندر سے نیچے واقع ساحلی آبادی کو لاحق خطرے کے ایک حل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

بنگلہ دیش کی حکومت نے پیر کے روز کہا کہ 2007 کے بعد سے خلیج بنگال میں نئے ابھرنے والے 29 جزیروں کا مجموعی رقبہ 507 مربع کلومیٹر ہے ۔

ایک اندازے کے مطابق ہر سال ہمالیہ سے نکلنے والے دریا خلیج بنگال میں ایک ارب ٹن مٹی پہنچا دیتے ہیں۔، جو کم گہرے پانیوں میں نئے جزیرے بننے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

ان میں سے اکثر جزیرے، جنہیں بنگلہ دیش میں چار کہا جاتا ہے، پہلے سے ہی آباد ہیں اور بنگلہ دیشی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے جزیرے بننے کی وجہ سے اس خطرے کو کم کرنے میں مدد ملی ہے جو گلوبل ورامنگ کے باعث اس ملک کو درپیش ہے۔

ڈھاکہ میں قائم ماحولیات اور زمینی صورت حال پر نظر رکھنے والے مرکز کے سربراہ مامون الحق سرکار کہتے ہیں کہ ملک میں بہنے والے دریا اور سمندر ہر سال نئی زمین کو جنم دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کیے گئے مطالعے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہر سال 12 سے 14 مربع کلومیٹر زمین پیدا ہو رہی ہے۔

زیادہ تر جزیرے خلیج کے ان حصوں میں بن رہے ہیں جہاں دریائے میگھنا گرتا ہے۔ یہ دریا، ہمالیہ سے نکلنے والے دو دریاؤں برہم پترا اور گنگا سے مل کر بنتا ہے۔

ان میں سے ایک جزیرے پر بڑی تعداد میں برما سے آنے والے روہنگیا پناہ گزین ٹہرے ہوئے ہیں۔

عالمی بینک کے تحت ایک حالیہ مطالعاتی رپورٹ سے ظاہر ہوا ہے کہ سمندر کی سطح بلند ہونے سے بنگلہ دیش کے جنوبی حصے کی 40 فی صد زرخیز زمین سن 2080 تک زیر آب آ جائے گی۔

کچھ عرصہ پہلے آب و ہوا کی تبدیلیوں پر ایک بین الاقوامی پینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سن 2050 تک سمندر کی سطح میں ایک میٹر کا اضافہ ہونے سے بنگلہ دیش کی 17 فی صد زمین سمندر برد ہو جائے گی جس کے نتیجے میں دو کروڑ بنگلہ دیشی اپنے گھر بار سے محروم ہو جائیں گے۔

لیکن آبی أمور کے ایک ماہر بنگلہ دیشی ظہیر الحق خان کا کہنا ہے کہ بندوبستی علاقوں کو بچانے کے لیے بند بنائے جا سکتے ہیں۔ ان کی مدد سے بنگلہ دیش ہر سال اپنی سینکڑوں مربع کلومیٹر زمین پر دریاؤں کے ساتھ بہہ کر آنے والی زرخیز مٹی کی تہہ بچھا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG