رسائی کے لنکس

افغانستان: اسٹیڈیم میں دھماکے، آٹھ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں کھیلوں کے ایک اسٹیڈیم میں دھماکوں سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق جمعہ کو دیر گئے اس اسٹیڈیم میں ایک کرکٹ میچ ہونے جا رہا تھا جب یہ دھماکے ہوئے اور اس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی 'روئٹرز' کے مطابق صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے راکٹ حملوں سے ہوئے جس میں آٹھ افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے۔

ننگرہار کے صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی کے مطابق یکے بعد دیگر ہونے والے ان دھماکوں میں آٹھ افراد مارے گئے جب کہ 43 زخمی ہوئے۔

انھوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں کرکٹ میچ کے منتظم ہدایت اللہ ظہیر اور متعدد مقامی حکام بھی شامل ہیں۔

تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس مشرقی صوبے میں طالبان اور دہشت گرد تنظیم داعش سرگرم ہے۔

پاکستان کی سرحد سے ملحقہ اس صوبے میں رواں سال تشدد کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں اور گزشتہ ہفتے ہی صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث یہاں کے گورنر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG