رسائی کے لنکس

برطانیہ: سات پاکستانی صحافیوں کے لیے فیلوشپ ایوارڈ


پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی جانب سے منتخب صحافیوں کو 'چیوننگ جنوبی ایشیا صحافت پروگرام 2016ء' کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔

برطانوی وزارت خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفتر کی جانب سے سات پاکستانی صحافیوں کو جنوبی ایشیائی صحافت پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی جانب سے منتخب صحافیوں کو 'چیوننگ جنوبی ایشیا صحافت پروگرام2016 ء' کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے پاکستانی ذرائع ابلاغ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سات پاکستانی صحافیوں کو فیلو شپ ایوارڈ دیا۔

اس سال چیوننگ صحافتی پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے صحافیوں میں 24 نیوز چینل سے طارق محمود، روزنامہ مشرق پشاور کے رشید خان صافی، دی نیوز انٹرنیشنل سے فخر درانی، عبدالوسیم عباسی اور الیفیا حسین، ایف ایم 107 کی نورین شمس اور جیو نیوز کی صحافی نازش ظفر شامل ہیں۔

اس پروگرام کے تحت صحافیوں کی ٹیم ویسٹ منسٹر یونیورسٹی کے شعبہ جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے کورس میں شرکت کرے گی جبکہ سات ماہ کے عرصے پر محیط لیکچر، دورے اور کانفرنسوں کے دوران انھیں برطانیہ کے طریقہ تعلیم، ذرائع ابلاغ اور سیاسی امور سے متعارف کرایا جائے گا اور پروگرام کے آخری ہفتے کے دوران وہ اپنے منتخب کردہ موضوع پر ایک سمپوزیم میں خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، یہ پروگرام صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے، جو اعلیٰ پائے کی صحافت کے ذریعے ملک کے جمہوری عمل کو پروان چڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے گزشتہ برس چیوننگ اسکالر شپ پروگرام کے تحت برطانیہ سے ایک سالہ ماسٹر لیول کا تعلیمی پروگرام مکمل کر کے واپس آنے والے 18 پاکستانی اسکالرز کا بھی استقبال کیا۔

جنوبی ایشیا صحافت پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جناب فلپ بارٹن نے کہا کہ اس پروگرام کے مشکل انتخاب کے عمل سے گزر کر کامیاب ہونے والے صحافی فیلو شپ کے لیے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ برطانیہ جا کر ایسی اعلیٰ سطح کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع بہت کم افراد کو ملتا ہے مجھے اُمید ہے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے والے خوش قسمت اپنے ملک کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے اور برطانیہ کی پالیسیوں اور نقطہ نظر کی افادیت کو بھی تسلیم کرتے ہوئے انھیں یاد رکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیوننگ وظائف کے لیے برطانیہ کا اولین ترجیحی ملک ہے اس سال دنیا بھر سے ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں پاکستان میں زیادہ اہل افراد کی درخواستیں وصول کی گئیں۔

XS
SM
MD
LG