اسرائیل اور حماس نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے جس سے دونوں فریقوں کے درمیان غزہ میں لگ بھگ 11 روز تک جاری رہنے والی لڑائی اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ مصر کی ثالثی میں ہونے والی اس جنگ بندی کے اعلان کے بعد غزہ کی پٹی میں جشن کا ماحول دیکھا گیا جہاں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے ریلیاں بھی نکالیں۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر سے جمعرات کی شب دیر گئے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کا فیصلہ اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے جس میں مصر کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی ایک تجویز پر اتفاق ہوا تھا۔ فلسطینیوں کے عسکریت پسند گروپ حماس نے بھی فوری ردعمل میں کہا ہے کہ وہ بھی جنگ بندی معاہدے کا احترام کریں گے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں ان تمام اسرائیلی اور فلسطینی خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس لڑائی میں اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں۔