رسائی کے لنکس

بھارت کو انتہائی مطلوب چھوٹا راجن انڈونیشیا میں گرفتار


چھوٹا راجن کی 2000ء میں تھائی لینڈ میں لی گئی ایک تصویر
چھوٹا راجن کی 2000ء میں تھائی لینڈ میں لی گئی ایک تصویر

بھارتی پولیس افسران کا کہنا ہے وہ ملزم کو بھارت لانے کے انتظامات کر رہے ہیں جہاں اس پر عائد تمام الزامات میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

بھارت کو انتہائی مطلوب اور ایک بڑے جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ چھوٹا راجن کو انڈونیشیا کی پولیس نے معروف سیاحتی مقام بالی سے گرفتار کرلیا ہے۔

چھوٹا راجن کی گرفتاری کا اعلان پیر کو بھارت کے 'سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)' نے کیا۔

'سی بی آئی' کے ڈائریکٹر انیل سنہا نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس چھوٹا ارجن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھی اور ان کے محکمے نے ہی انڈونیشیا اور آسٹریلیا کی پولیس کو اس کے متوقع سفر کے بارے میں مطلع کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی دی گئی اطلاع کی بنیاد پر پیر کو انڈونیشیا کی پولیس نے چھوٹا راجن کو آسٹریلیا سے بالی پہنچتے ہی حراست میں لے لیا۔

انیل سنہا نے بتایا کہ وہ ملزم کو بھارت لانے کے انتظامات کر رہے ہیں جہاں اس پر عائد تمام الزامات میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

چھوٹا راجن کا اصل نام راجندرا نکلجے ہے جو گزشتہ دو دہائیوں سے بھارت کو بھتہ خوری، ہتھیاروں کی اسمگلنگ، کرائے کے قاتلوں کا نیٹ ورک چلانے اور دو درجن سے زائد قتل کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔

چھوٹا ارجن کا گروہ بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی میں سرگرم ہے جب کہ وہ بھارت کے بدنامِ زمانہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا ساتھی رہ چکا ہے جس کے بارے میں بھارتی حکام کو شبہ ہے کہ وہ پڑوسی ملک پاکستان میں روپوش ہے۔

چھوٹا ارجن کا نام 1995ء سے 'انٹر پول' کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں موجود تھا اور بھارتی پولیس مختلف ملکوں کے حکام کے تعاون سے اس کی گرفتاری کے لیے کوشاں تھی۔

XS
SM
MD
LG