رسائی کے لنکس

عالمی برادری انسداد دہشت گردی میں حمایت کرے: چین


ترجمان فو ینگ
ترجمان فو ینگ

بیجنگ نے ہفتے کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا الزام شمال مغربی خطے سنکیانگ کے شدت پسندوں پر عائد کیا ہے۔

چین نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اس کی لڑائی کے بارے میں ’’ مزید حمایت‘‘ فراہم کرے۔

یہ درخواست ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ ہفتے چاقوؤں سے لیس نقاب پوشوں نے جنوب مغربی شہر کُنمنگ کے ایک ریلوے اسٹیشن پر حملہ کر کے 29 افراد کو ہلاک اور 130 سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔

چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کا اجلاس سخت حفاظتی انتظامات میں بدھ کو شروع ہو رہا ہے۔

اس سے قبل نیشنل پیپلز کانگریس کی ترجمن فو یِنگ نے عالمی برادری سے مزید معاملہ فہمی کا تقاضہ کیا۔

’’دہشت گردی کی قومی سرحدیں نہیں ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہماری کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سمجھا اور اس کی حمایت کی جائے گی۔‘‘

بیجنگ نے ہفتے کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا الزام شمال مغربی خطے سنکیانگ کے شدت پسندوں پر عائد کیا ہے۔ یہاں بسنے والے ایغور نسل کے مسلمان ایک عرصے سے حکومت کی طرف سے مختلف زیادتیاں کرنے کا الزام لگاتے آئے ہیں۔

حکومت پہلے بھی ملک میں کسی ایسے واقعے کی ذمہ داری فوراً ایغور پر عائد کرتی رہی ہے جن میں سڑکوں پر ہونے والے دنگا فساد اور پولیس کے چھاپوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کو دہشت گردانہ واقعات کا نتیجہ قرار دیتی رہی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر چین میں حکومت کو انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG