رسائی کے لنکس

کروناوائرس کی تیزی برقرار، نیوزی لینڈ اور چین میں حفاظتی اقدامات میں سختی


دنیا کے کئی ملکوں میں پانچ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے۔
دنیا کے کئی ملکوں میں پانچ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے۔

جانز ہاپکنز یورنیورسٹی کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کی پیر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 32 کروڑ 81 لاکھ سے بڑھ چکی ہے جب کہ اموات 55 لاکھ سے زیادہ ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے بچاؤ کی9 ارب 70 کروڑ سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

نیوزی لینڈ میں بچوں کی ویکسی نیشن

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کو پیر کے روز سے فائزر کی ویکسین لگانا شروع کر دی گئی ہے۔ فائزر نے یہ ویکسین بچوں کے لیے خصوصی طور پر تیار کی ہے۔

ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ خوراکیں ملک بھر کے پانچ سو سے زیادہ مراکز پر پہنچا دی گئی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کرونا وائرس ویکسی نیشن پروگرام کے کلینکل ڈائریکٹر ڈاکٹر انٹنی جورڈن اوکلینڈ نے کہا ہےکہ بچوں کو اسکول بھیجنے سے پہلے انہیں ویکسین لگانا وبا سے محفوظ رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔

میلبورن میں کرونا ٹیسٹ کرانے کے لیے لوگ قطار ہیں کھڑے ہیں۔
میلبورن میں کرونا ٹیسٹ کرانے کے لیے لوگ قطار ہیں کھڑے ہیں۔

ڈاکٹر اوکلینڈ نے اپنےایک بیان میں کہا ہے کہ شواہد سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اگر بچوں کو کووڈ لگ جائے تو کچھ بچوں میں ہلکی علامات ظاہر ہوتی ہیں، جب کہ کئی بچوں پر اس کا حملہ شدید ہوتا ہے اورآخرکار انہیں اسپتال داخل کرانا پڑتا ہے۔

اگلے چند ہفتے امریکہ کے لیے سخت ہیں، سرجن جنرل

امریکہ کی سرجن جنرل ڈاکٹر ووک مورتھی نے اتوار کے روز "سی این این" چینل کے "اسٹیٹ آف یونیئن" پروگرام میں کہا ہے کہ اگلے چند ہفتے امریکہ کے لیے مشکل ہو سکتے ہیں، کیونکہ یہاں کرونا کا ویرینٹ اومیکرون ابھی اپنی بلند ترین سطح تک نہیں پہنچا ہے۔

امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی کووڈ میں مبتلا ہونے والوں کے لیے قرنطینہ کی مدت دس دن سے گھٹا کر پانچ روز کر دی ہے، جس کا اطلاق پیر کے روز سے ہو گیا ہے۔

یونیسیف کا روانڈا کو ویکسین کا عطیہ

یونیسیف کی ایگزیگٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فور نے کہا ہے کہ روانڈا کو کوویکس پروگرام کے تحت ویکسین کی گیارہ لاکھ خوراکیں بھیج دی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک میں ابھی مزید بہت کچھ کیے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں اب بھی بہت سے ایسے لوگ موجود ہیں جنہیں ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں مل سکی ہے۔

روس میں اومیکرون کیسز میں دو گنا اضافہ

ماسکو میں روسی حکام نے پیر کے روز بتایا کہ ملک کو کرونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ نیا ویرینٹ اومیکرون ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تقریباً 31 ہزار نئے کیسز رجسٹر ہوئے جو کہ ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران 670 اموات بھی ہوئی ہیں۔

صحت کی دیکھ بھال سے متعلق روسی ادارے کی سربراہ اینا پوپووا نے انتباہ کیا ہے کہ نئے کیسز کی روزانہ تعداد آنے والے دنوں میں ایک لاکھ سے بڑھ سکتی ہے اور ہمیں غیر معمولی صورت حال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

چین میں چاند کے نئے سال پر سفری پابندیاں

چین میں نیا قمری سال ایک ایسے موقع پر شروع ہو رہا ہے جب کئی شہروں میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ چینی حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر، پیر سے تعطیلات کے ساتھ سفر کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی کئی پابندیاں لگا دی ہیں جن میں سفر پر جانے والوں سے تقاضا کیا گیا ہے کہ وہ سفر کے آغاز سے کئی روز پہلے حکام کو مطلع کریں۔

چین میں عالمی وبا کی نئی جینیاتی قسم بیجنگ سمیت کئی بڑے شہروں تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب صورت حال یہ ہے کہ چاند کے نئے سال پر، جو یکم فروری کو ہوگا۔ لاکھوں چینی باشندوں اپنے پیاروں اور عزیزوں کے ساتھ یہ تہوار منانے کے لیے سفر کرتے ہیں۔

بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کی تیاریاں جاری ہیں۔
بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کی تیاریاں جاری ہیں۔

لویانگ اور جی یانگ سمیت چین کے کئی شہروں میں عہدے داروں نے سفر کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی آمد سے کم از کم تین دن پہلے اپنی کمیونیٹیز، آجروں یا ہوٹلوں کو آگاہ کریں۔

جنوب مغربی شہر لولین نے ہفتے کے روز اپنے ایک اعلان میں کہا کہ شہر میں داخل ہونے سے ایک دن قبل مسافروں کو اپنی صحت کے بارے میں ایک آن لائن فارم پر کرنا ہو گا۔

سرمائی اولمپکس میں عوام کا داخلہ نہیں ہو گا

چین میں ویکسین لگانے کی شرح اگرچہ 86 اعشاریہ 6 فی صد ہے، لیکن حکام سرمائی اولمپکس کی وجہ سے بہت محتاط ہیں اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں تاکہ کھیلوں کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بیجنگ میں چار فروری سے ہونے والے سرمائی اولمپکس کی ٹکٹوں کی فروخت شروع کی جا رہی ہے۔ تاہم، یہ ٹکٹیں صرف مخصوص لوگوں کو ہی دی جائیں گی اور عام لوگوں کو کھیلوں کے مقامات میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

آرگنائزیشن کمیٹی نے پیر کے روز کہا ہے کہ یہ احتیاطی اقدامات کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔

حالیہ دنوں میں بیجنگ کے قریب واقع کئی شہروں میں عالمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر احتیاطی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG