رسائی کے لنکس

چین: منشیات کے چار اسمگلروں کو سزائے موت سنا دی گئی


اکتوبر 2011ء میں چین کی دو مال بردار کشتیوں کو ملاحوں سمیت اغواء کر کے انھیں تھائی لینڈ کی حدود میں قتل کرنے کے جرم میں ناوخام اور اس کے تین ساتھیوں کو سزا سنائی گئی ہے۔

چین کی ایک عدالت نے برما سے تعلق رکھنے والے منشیات کے چار اسمگلروں کو موت کی سزا سنائی۔ اس گروہ کے افراد نے گزشتہ برس 13 چینی ملاحوں کو اغواء کے بعد انھیں می کونگ دریا میں قتل کر دیا تھا۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژینہوا نے منگل کو بتایا کہ اکتوبر 2011ء میں چین کی دو مال بردار کشتیوں کو ملاحوں سمیت اغواء کر کے انھیں تھائی لینڈ کی حدود میں قتل کرنے کے جرم میں ناوخام اور اس کے تین ساتھیوں کو سزا سنائی گئی ہے۔

چینی باشندوں کے قتل کا یہ واقعہ لاؤس، برما اور تھائی لینڈ کو ملانے والے ’’سنہری تکون‘‘ نامی علاقے میں پیش آیا تھا اور چین کی حالیہ تاریخ میں یہ بد ترین حملہ تھا جس کے بعد چین نے علاقے کی نگرانی سخت کردی تھی۔

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث اس گروہ کا مرکز برما کی شین ریاست ہے جس کی سرحدیں چین سے ملتی ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق تمام افراد پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد یہ مقدمہ ستمبر میں ختم ہو گیا تھا اور اس فیصلے کے بعد چاروں افراد اپیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG