رسائی کے لنکس

چین کی پاکستان بھارت کشیدگی کم کرنے میں مدد کی پیشکش


چین نے پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم کی طرف سے دو طرفہ کشیدگی کو کم کرنے کے بیانات کے بعد آج بدھ کے روز پیشکش کی ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور تعلقات کو بہتر بنانے کی خاطر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا علاقے کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے نہایت اہم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی طرف سے جاری ہونے والے بیانات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ چینی ترجمان نے یہ بات پاکستان میں عمران خان کی طرف سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک سوال کے جواب میں کہی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں اور ان دونوں ملکوں کا مشترکہ ہمسایہ ملک ہونےکے حوالے سے چین پاکستان اور بھارت کے درمیان مزاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور اختلافات ختم کرنے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ چین کے ’مثبت اور تعمیری کردار‘ سے کیا مراد ہے، ترجمان لی نے کہا کہ چین کو اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے راہنماؤں نے حال ہی میں دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور چین دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

تاہم بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات کے سلسلے میں چین سمیت کسی تیسرے فریق کے کردار کو مسترد کرتا آیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نرندر مودی نے پیر کے روز پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے نام ایک خط میں کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مثبت اور بامعنی رابطے بڑھانے کیلئے تیار ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کل ایک ٹویٹ کے ذریعے بھارت کے ساتھ منقطع سفارتی بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ اُنہوں نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کو کشمیر سمیت تمام اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور باہمی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG