رسائی کے لنکس

چینی خلائی جہاز چاند سے پتھر اور مٹی کے نمونے لے کر واپس پہنچ گیا


چانگے 5 رواں ماہ آٹھ دسمبر کو چاند کے نمونے لے کر چاند کی سطح سے باہر نکلا تھا۔ چینی سپیس ایجنسی نے اس موقع پر ایک تصویر بھی جاری کی تھی۔
چانگے 5 رواں ماہ آٹھ دسمبر کو چاند کے نمونے لے کر چاند کی سطح سے باہر نکلا تھا۔ چینی سپیس ایجنسی نے اس موقع پر ایک تصویر بھی جاری کی تھی۔

چین کا خلائی جہاز چاند سے پتھر اور مٹی کے نمونے حاصل کر کے جمعرات کو زمین پر واپس پہنچ گیا۔ جس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ نظام شمسی کی تاریخ سے متعلق حقائق کا پتا لگایا جا سکے گا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق چین کی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 'چانگے 5' نامی خلائی جہاز نے منگولیا کے سیزیوانگ ضلع میں مقامی وقت کے مطابق صبح دو بجے لینڈنگ کی۔

'چانگے 5' رواں ماہ آٹھ دسمبر کو چاند کے نمونے لے کر چاند کی سطح سے روانہ ہوا تھا۔ چینی اسپیس ایجنسی نے اس موقع پر ایک تصویر بھی جاری کی تھی۔ جس میں اسے چینی جھنڈے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

خلائی ایجنسی کے مطابق لینڈنگ کے بعد خلائی جہاز اور نمونوں کو بیجنگ میں قائم خلائی پروگرام کے مرکز بھیج دیا گیا ہے جہاں ان پر تحقیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ خلائی مشن نے چاند پر تحقیق سے متعلق معلومات اور پتھروں کے نمونے اکٹھے کیے جو ایجنسی کے مطابق بڑی کامیابی ہے۔

خلائی جہاز یکم دسمبر کو چاند پر اترا تھا اور اس نے چاند کی سطح اور اس کے اندر دو میٹرز تک کھدائی کر کے پتھر اور مٹی کے نمونے اکٹھے کیے تھے جن کا مجموعی وزن لگ بھگ دو کلو گرام ہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ کے خلائی کنٹرول سینٹر میں کیے جانے والے خطاب میں اس مشن کو بڑی کامیابی قرار دیا اور ان کا کہنا تھا کہ یہ مشن چین کی خلائی صنعت کو بہت آگے لے جائے گا۔

سائنس دانوں کے مطابق ان نمونوں کے جائزے سے چاند کی تخلیق سمیت دیگر رازوں سے پردہ اُٹھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ مشن گزشتہ ماہ کے آخر میں صوبے ہینان کے وین چینگ اسپیس سینٹر سے روانہ کیا گیا تھا۔

امریکی خلانورد 1969 اور 1972 کے درمیان اپالو مشن کے دوران چاند سے 382 کلو گرام پتھر اور مٹی لائے تھے جب کہ روسی خلا باز 1976 میں چاند سے 170 گرام وزنی نمونے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG