رسائی کے لنکس

کاربن اخراج میں 40 فی صد کمی کا ہدف، انتظامی حکم نامہ جاری


اہداف کے حصول کے لیے، توانائی کے استعمال میں کمی اور وفاقی عمارتوں میں استعمال ہونے والے پانی کی مقدار کو کم کیا جائے گا، سرکاری موٹر گاڑیوں سے کاربن گیسز کے اخراج میں کمی آئے گی، جب کہ سرکاری ’فلیٹ‘ میں ایسی موٹر گاڑیاں شامل ہوں گی جن میں گیسز کا صفر اخراج ہوتا ہے

صدر اوباما نے جمعرات کے روز ایک انتظامی حکم نامہ جاری کیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت سنہ 2008 کے مقابلے میں، 2025ء تک کاربن کے اخراج میں 40 فی صد تک کی کمی لائے گی۔

ساتھ ہی، اُنھوں نے اس بات کا بھی عہد کیا کہ آئندہ 10 برسوں کے اندر اندر، وفاقی حکومت بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے، 30 فی صد سے زائد قابل تجدید ذرائع کو استعمال میں لائے گی۔

صدر نے اِنہیں ’قابلِ حصول اہداف‘ قرار دیا۔

اِن اہداف کے حصول کے لیے وفاقی حکومت توانائی کے استعمال میں کمی لائے گی، اور وفاقی عمارات میں زیر استعمال پانی کی مقدار کو کم کرے گی، سرکاری موٹر گاڑیوں سے کاربن گیسز کے اخراج میں کمی لائی جائے گی، جب کہ سرکاری گاڑیوں کی فلیٹ میں ایسی موٹر گاڑیوں کا اضافہ ہوگا جو گیسز کا صفر اخراج کرتی ہوں۔

دستاویز پر باضابطہ دستخط کی تقریب امریکی محکمہٴتوانائی میں منعقد ہوئی، جس میں صدر اوباما موجود تھے۔ شرکاٴمیں آئی بی ایم، جی اِی اور نورتھروپ گرمن کے منتظمین اعلیٰ موجود تھے، جن کے کلیدی ادارے وفاقی حکومت کو اپنی مصنوعات فروخت کرتے ہیں۔

اِس موقع پر، صدر نے کہا کہ اُن کے اپنے اہم اہداف ہیں، جن کو پورا کرنے کے لیے وہ اپنی کوششوں میں تیزی لائیں گے، جو موسمیاتی تبدیلی کی روکتھام کی کوششوں میں معاون ثابت ہوں گی، اور جن کی مدد سے اخراجات میں کمی آئے گی۔

اوباما نے 2025ء تک امریکہ میں گیس کے اخراج میں 25 فی صد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔


یہی وہ اعداد ہیں جنھیں امریکہ دسمبر میں پیرس میں منعقد ہونے والے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہ اجلاس کے مجوزہ دستاویز میں شامل کرانے کا متمنی ہے، جس کا اعلان مذاکرات کے نتیجے میں عالمی تپش کے انسداد کے نئے سمجھوتے کی صورت میں سامنے آنے والا ہے۔

XS
SM
MD
LG