رسائی کے لنکس

ہیلری کلنٹن کا ملالہ یوسف زئی کو خراجِ تحسین


امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ ملالہ یوسف زئی ایک بہادر لڑکی ہے جس نے پاکستانی لڑکیوں کے حقوق کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا۔

امریکی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر ہونے والا حملے سے ان مشکلات کا اظہار ہوتا ہے جو بعض نوجوان پاکستانی خواتین کو معاشرے میں یکساں مقام حاصل کرنے کے لیے برداشت کرنا پڑ رہی ہیں۔

بدھ کو لڑکیوں کے پہلے عالمی دن کی مناسبت سے امریکی محکمہ خارجہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں سیکریٹری کلنٹن نے کہا کہ ملالہ پر حملہ دشمنی پر مبنی اس رویے کا عکاس ہے جس سے کئی خواتین اور لڑکیاں گزرتی ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ ملالہ یوسف زئی ایک بہادر لڑکی ہے جس نے پاکستانی لڑکیوں کے حقوق کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ پر ان شدت پسندوں نے حملہ کیا جو لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرتے نہیں دیکھنا چاہتے اور نہ ہی یہ چاہتے ہیں کہ لڑکیاں اپنے حقوق کےلیے آواز اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر نہیں چاہتے کہ لڑکیاں قائدانہ کردار ادا کریں کیوں کہ ان کی اس نوعیت کی خودمختاری ان عناصر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

سیکریٹری کلنٹن نے مزید کہا کہ ایسی کئی نوجوان لڑکیاں مزید بھی ہیں جو ایک بامقصد زندگی کے حصول لیے رواج اور سماج سے لڑتی ہیں اور ان میں سے بیشتر کی جدوجہد سے دنیا واقف ہی نہیں ہوپاتی۔
XS
SM
MD
LG