رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس سے ایک دن میں 136 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں منگل کو کرونا وائرس سے 136 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ایک دن میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 136 ہلاکتوں کے ساتھ اس وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2975 ہو گئی ہے۔

اسی طرح پانچ ہزار 839 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ پاکستان میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 740 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 58 ہزار 437 صحت یاب ہو چکے ہیں۔


پاکستان کا صوبہ پنجاب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اموات اور نئے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے جس کے بعد حکام نے کئی علاقوں کو سیل کر دیا ہے۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے پنجاب)​ کے مطابق منگل کو صوبے میں 68 مریض ہلاک ہوئے جب کہ 2361 نئے مریضوں کا علم ہوا ہے۔

پاکستان کا صوبۂ سندھ کرونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا صوبہ ہے جہاں اب تک 57 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں 33 ہلاکتیں ہوئیں اور 2287 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دن بھر میں 24 مریض چل بسے اور 635 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بلوچستان میں چار اموات اور 110 نئے مریضوں کا پتا لگا ہے۔

گلگت بلتستان میں منگل کو 21 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 40 افراد کا ٹیسٹ مثبت رہا۔ ان دونوں خطوں میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا۔

عالمی ادارۂ صحت نے ملک میں سخت لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کرے گی۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن سے مراد یہ ہے کہ صرف ان علاقوں کو بند رکھا جائے گا جہاں زیادہ کیسز سامنے آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG