رسائی کے لنکس

ایران میں کرونا وائرس سے مزید دو ہلاک، تعداد چار ہو گئی


ایران کے ایک اسپتال میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ 20 فروری 2020
ایران کے ایک اسپتال میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ 20 فروری 2020

ایران میں صحت کے حکام نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ چین سے آنے والے کرونا وائرس سے مزید دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ملک کے اندر اس مہلک وائرس کے 13 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی، مہر نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکام کی جانب سے اس ہفتے مزید دو ہلاکتوں کی اطلاع کے بعد کرونا وائرس سے ملک میں مرنے والوں کی کل تعداد چار ہو گئی ہے۔

ایران میں اس وقت تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق شدہ تعداد 18 ہے، جن میں ہلاک ہونے والے چار مریض بھی شامل ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے بتایا ہے کہ تمام نئے کیسوں کا تعلق قم شہر سے ہے جہاں اس سے پہلے بدھ کے روز کرونا وائرس کے دو عمر رسیدہ مریض ہلاک ہو گئے تھے۔

ایران کی وزارت صحت کے ایک عہدے دار مینو موہراز نے کہا ہے کہ قیاس یہ ہے کہ قم میں یہ وائرس ان چینی کارکنوں کے توسط سے پہنچا ہے جو قم میں کام کرتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ قم میں ایک چینی کمپنی شمسی توانائی سے چلنے والا بجلی گھر تعمیر کر رہی ہے۔

ادھر لبنان کے وزیر صحت حامد حسن نے جمعے کے روز بتایا کہ ان کے ملک میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بیروت میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کرونا وائرس کی مریضہ ایک 45 سالہ خاتون ہے جو قم سے آنے والی ایک فلائٹ میں سوار تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلائٹ کے مزید دو مسافروں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے کہ کہیں وہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا نہ ہوں۔

کرونا وائرس دسمبر میں چین کے شہر ووہان میں ظاہر ہوا تھا جس میں اب تک 76000 سے زیادہ افراد مبتلا ہو چکے ہیں، جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2200 سے زیادہ ہے، جن کی اکثریت چینی باشندوں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG