کرونا وائرس: کراچی کے اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم
کراچی کے کئی سرکاری اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی نگہداشت کے لیے آئسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں۔ محمد ثاقب کی رپورٹ
کرونا وائرس کا پھیلاؤ: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ
امریکہ میں کرونا وائرس سے 11 ہلاکتوں اور نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ بدھ کو کیلی فورنیا میں ہونے والی پہلی ہلاکت کے فوری بعد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ریاست واشنگٹن میں کرونا وائرس سے 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیورم نے ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیلی فورنیا میں کرونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک 53 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کیلی فورنیا کے گورنر کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ کررونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
کرونا وائرس: کنٹرول روم سے ایئر پورٹس اور اسپتالوں کی نگرانی
کرونا وائرس کی مانیٹرنگ کے لیے لاہور میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے ہوائی اڈّوں اور اسپتالوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ صوبے میں جاری مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ مزید دیکھیے ضیاء الرحمٰن کی اس رپورٹ میں۔
کرونا وائرس: سعودی شہریوں پر بھی عمرے کی ادائیگی پر پابندی
سعودی عرب نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے غیر ملکیوں کے بعد اب اپنے شہریوں پر بھی عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے 'سعودی پریس ایجنسی' (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کے مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں سعودی شہریوں اور دیگر مقامی زائرین پر داخلے پر غیر معمولی پابندی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارئ 'رائٹرز' کے مطابق سعودی عرب کے اہم کاروباری شہر اور دارالحکومت ریاض میں کرونا وائرس کا پہلا کیس تین روز قبل سامنے آیا تھا جب کہ گزشتہ روز ایک اور شخص کو علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا گیا جس کو فلو کی طرح کا عارضہ لاحق تھا۔
جن دو سعودی شہریوں میں مبینہ کرونا وائرس سامنے آیا ہے وہ دونوں حالیہ دنوں میں ایران کا سفر کر چکے ہیں جب کہ انہوں نے حکام کو اس حوالے سے لاعلم رکھا تھا۔