سندھ حکومت کا پی ایس ایل میچز بغیر شائقین کرانے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبے سندھ کی حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کراچی میں شیڈول میچز کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر شائقین کے بغیر کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے حکومتی فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔
البتہ میڈیا، پروڈکشن ٹیموں اور دیگر ضروری اسٹاف پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔
کراچی میں 12 سے 17 مارچ تک پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچز کھیلے جائیں گے، جس میں ایک پلے آف مرحلے کا میچ بھی شامل ہے۔
نئی دہلی کے تعلیمی ادارے اور سنیما بند
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث شہر کے تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال نے کہا کہ اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ ارند کیجریوال نے کہا کہ نئی دہلی کے تمام سنیما ہال بھی اس عرصے کے دوران بند رہیں گے۔
بھارت کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے کیسز 73 ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو ایک غیر ملکی سمیت مزید 13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئی دہلی میں اب تک کرونا وائرس کے چھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
بلوچستان کے تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند
کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کے صوبے بلوچستان کی حکومت نے 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم یار محمد رند نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز 31 مارچ تک بند رہیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی بندش کے لیے بھی مدارس انتظامیہ سے مشاورت جاری ہے۔
یار محمد رند کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق دوبارہ 27 مارچ کو فیصلہ کیا جائے گا۔
- By ضیاء الرحمن
پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ
پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ جس کے تحت صوبے کے تمام اسپتالوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں کہ صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے، جسے لوگوں کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔
کابینہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں چین کی احتیاطی تدابیر پالیسی پر غور کیا گیا ہے۔ یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے، جس کے تحت حکومت پنجاب نے بھی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
ان کے بقول میڈیکل ایمرجنسی کے تحت احتیاطی تدابیر جاری کی گئیں ہیں جن پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد اِس بات کا کوئی جواب نہیں دے سکیں کہ پی ایس ایل اور عنقریب شروع ہونے والا تبلیغی اجتماع کو بند کرنے کے بارے میں حکومت کوئی فیصلہ کیوں نہیں کر سکی ہے۔
کرونا کے حوالے سے ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ پنجاب نبیل اعوان کہتے ہیں کہ صوبہ پنجاب کے اندر ابھی تک کرونا کا کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ جس کے باعث بڑے اجتماعات کو بند کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل اعوان نے بتایا کہ ہم نے ابھی تک کسی بڑے اجتماع جیسے پی ایس ایل اور تبلیغی اجتماع کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اِس پر جیسے ہی ٹیکنیکل کمیٹی کی رپورٹ آئے گی اُس کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔
ان کے بقول ایف آئی اے سے ریکارڈ لے کر ایران سے آنے والے تمام 3700 زائرین کی اسکریننگ مکمل کی گئی ہے۔ 800 زائرین اِس وقت تافتان میں بیٹھے ہوئے ہیں جن کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جس کے بعد ہی وہ پاکستان آ سکیں گے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ پنجاب میں اب تک 81 مشتبہ مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 74 مریضوں کو کلیئر قرار دیتے ہوئے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ جبکہ پانچ مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹس رزلٹ کا آنا باقی ہے جو آئسولیشن وارڈز میں زیر نگرانی ہیں۔