کرونا وائرس کی شکار امریکی خاتون کا احوال
امریکی شہری الزبتھ شنائیڈر کرونا وائرس کا شکار ہوئیں اور علاج کے بعد اب صحت یاب ہو چکی ہیں۔ الزبتھ کہتی ہیں اُنہیں ابتدا میں کمزوری محسوس ہوئی اور پھر بخار ہو گیا جس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کرائے تو معلوم ہوا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔ الزبتھ مزید کیا بتا رہی ہیں؟ دیکھیے اس رپورٹ میں
سندھ میں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان
کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو 31 مئی تک بند رکھا جائے گا۔
سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں دی جانے والی یہ تعطیلات گرمیوں کی چھٹیوں میں شمار کی جائیں گی۔
کرونا وائرس: عالمی سطح پر کھیلوں کے کئی مقابلے منسوخ
فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے قطر میں ورلڈکپ کے ایشین کوالیفائر میچوں کو ملتوی کر دیا ہے جب کہ فٹبال کی مہنگی ترین لیگ اسپین کی لا لیگا کے مقابلے روک دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ ریال میڈرڈ کے ایک کھلاڑی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ اور یورپ کی دوسری لیگوں کے مقابلے بھی ملتوی کیے جا رہے ہیں۔
پی ایس ایل میچ سے قبل حفاظتی اقدامات
کراچی میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے قبل شائقین نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہن رکھے تھے۔ شائقین کو اسکریننگ کے بعد اسٹیڈیم کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔