نئی دہلی میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلوں اور تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
دہلی میں اب تک کرونا وائرس کے چھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس کی روک تھام کے لیے اسکولوں، کالجز، یونیورسٹیز اور سینمارز رواں ماہ کی 31 تاریخ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ مانش سیسودیا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کسی بھی ایک شخص سے پھیل سکتا ہے اس لیے عوامی اجتماع پر پابندی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں کرونا وائرس کے 11 کیسز سامنے آنے کے بعد کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جہاں آئی پی ایل کا پہلا میچ رواں ماہ 29 مارچ کو کھیلا جانا تھا۔
ماؤنٹ ایورسٹ سیاحوں کے لیے بند
نیپال کی حکومت نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر دنیا کے سب سے بلند پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ پر سیاحوں کے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔
نیپالی حکومت نے ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے لیے اجازت نامے حاصل کرنے والوں کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے۔ اسی کے ساتھ دیگر چھوٹے بڑے پہاڑوں پر بھی جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نیپال کے وزیر برائے ثقافت و سیاحت یاگوش بھاٹاریا کا کہنا ہے کہ حکومت نے آن ارائیول سیاحتی ویزوں کو منسوخ کر دیا ہے اور فیصلہ کیا ہے تا حکمِ ثانی موسمِ بہار میں ہونے والے تمام ایونٹ نہیں ہوں گے۔
پاکستان میں مقامی طور پر منتقل ہونے والا کرونا وائرس کا پہلا کیس
پاکستان کے صوبہ سندھ میں مقامی طور پر پھیلنے والا کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا جس کے بعد سندھ میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 اور ملک بھر میں 20 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد سے کراچی آنے والے شخص کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ متاثرہ شخص دو روز قبل ہی کراچی پہنچا تھا جس میں جمعے کو کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔
سندھ میں مقامی سطح پر کرونا وائرس کا یہ پہلا کیس ہے۔ صوبے میں مجموعی طور پر کرونا وائرس کے 15 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 13 کی حالت خطرے سے باہر ہے اور دو کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
کینیڈین وزیرِ اعظم کی اہلیہ کرونا وائرس کی شکار
کینیڈین وزیرِ اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ صوفی گریگوائر ٹروڈو نے خود کو قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے۔
وزیر اعظم آفس نے تصدیق کی ہے کہ صوفی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔ تاہم وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو بالکل ٹھیک ہیں اور ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامات موجود نہیں۔ اس کے باوجود وہ دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رہیں گے۔
کینیڈا کی چھ ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور اب تک اس وائرس سے ایک شخص ہلاک اور 150 متاثر ہیں۔