رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

22:04 13.3.2020

کرونا وائرس کے روزانہ پانچ ہزار نئے مریض

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں پانچ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ساڑھے پانچ ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہر روز پانچ ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔

ویب سائٹ ورڈومیٹر کے مطابق 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب تک پوری دنیا میں کرونا وائرس کے 140044 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہو چکی تھی، 5123 ہلاکتیں ہوئی تھیں جب کہ 70733 افراد صحت یاب ہو گئے تھے۔

اب بھی 64188 مریض اس وائرس میں مبتلا ہیں جن میں سے 5790 کی حالت تشویش ناک ہے۔ نئے کیسز اور ہلاکتوں کا گراف دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ اس پر ہر ملک کے نئے کیس، نئی اموات، کل مریض، کل اموات، تشویش ناک مریض، صحت یاب افراد کی تعداد دیکھی جا سکتی ہے۔

پاکستان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہاں 22 مریض ہیں۔ گزشتہ روز ایک نیا کیس سامنے آیا۔ 2 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 20 کی دیکھ بھال جاری ہے۔

اب تک جن ملکوں میں ایک ہزار سے زیادہ مریض سامنے آ چکے ہیں ان میں چین کے علاوہ اٹلی، ایران، جنوبی کوریا، اسپین، جرمنی، فرانس، امریکہ اور سوئزر لینڈ شامل ہیں۔

چین، اٹلی اور ایران کے بعد اسپین چوتھا ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔ چین میں چار ہزار اور اٹلی میں 1100 سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے.

21:29 13.3.2020

اداس شہر میں ایک گیت نے زندگی کی لہر دوڑا دی

لاک ڈاؤن سے متاثر ایک شہر گھوسٹ ٹاؤن بنا ہوا تھا اور رات کے اندھیرے میں گلیاں سنسان پڑی تھیں۔ ایک نوجوان جب گھر میں پڑے پڑے بیزار ہوگیا تو بالکونی میں آیا اور ایک گیت گانا شروع کردیا۔ سامنے والے گھر کی کھڑکی کھلی اور ایک لڑکی نے اس کا ساتھ دینا شروع کردیا۔ کھڑکیاں کھلتی گئیں اور گیت گانے والے بڑھتے گئے۔ کچھ ہی دیر میں اس اداس شہر میں ایک گیت نے زندگی کی لہر دوڑا دی۔

یہ کہانی ہے اٹلی کے شہر سی اینا کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ رات ہے، تاریکی ہے، گلی سنسان ہے لیکن گیت گونج رہا ہے۔

تاریخ اور اساطیر کے امین اور فٹبال، فیشن اور موسیقی کے مرکز اٹلی کو کرونا وائرس نے بری طرح متاثر کیا ہے۔ چین کے بعد وہ پہلا ملک ہے جہاں عالمی وبا سے ایک ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ ایک ایک دن میں دو دو سو زندگیاں ختم ہورہی ہیں۔ پورے ملک میں کرفیو جیسے حالات ہیں اور زندگی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔ اس معطل زندگی میں ایک گیت نے بہت سے لوگوں میں جینے کی امنگ پیدا کی ہے۔

اس کی ویڈیو سی اینا کے ایک شہری نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور لکھا کہ میرے شہر کے لوگ کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران ایک سنسان گلی میں اپنے گھروں سے ایک مقبول لوک گیت گارہے ہیں۔

20:10 13.3.2020

کرونا وائرس سے امریکہ میں نظام زندگی مفلوج، تھیٹرز اور پارکس بند

ایشیائی ملک چین سے شروع ہونے والے کرونا وائرس سے جہاں اب تک لگ بھگ 130 ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔ وہیں امریکہ میں بھی اس عالمی وبا سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے۔

امریکی اخبار'واشنگٹن پوسٹ' کے مطابق اب تک پورے ملک میں 1800 سے زائد کرونا وائرس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جب کہ اس وائرس سے اب تک 41 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ہیلتھ ذرائع کے مطابق اس وائرس میں مبتلا 31 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

دوسری طرف چند دن پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے آسٹریلوی وزیر برائے داخلہ پیٹر ڈٹن بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

19:10 13.3.2020

پاکستان میں قومی سلامتی کونسل کا اجلاس

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کرونا وائرس سے متعلق قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

ملک بھر کے تعلیمی ادارے پانچ اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ فیصلے کے تحت تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدارس پانچ اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔

شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے صورتِ حال کا جائزہ 27 مارچ کو ایک اجلاس کے دوران لیا جائے گا۔

کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارتِ خزانہ خصوصی فنڈ جاری کرے گی۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وزیر قانون، صوبوں کے وزرائے اعلی اور مسلح افواج کے سربراہان شریک تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بڑے اجتماعات پر بھی پابندی لگائی جائے گی۔ اُن کا کہنا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG