کاغذ کے بجائے ای فائلنگ
پاکستان کی وزارتِ تجارت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کاغذ کی بجائے ای فائلنگ کے ذریعے فائلوں کے تبادلے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کاغذ کا استعمال ترک کر کے انٹرنیٹ کے ذریعے سرکاری دستاویزات کا تبادلہ کیا جائے۔
سیکریٹری تجارت نے ان احکامات پر پیر سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ خیال رہے کہ کرونا وائرس کسی بھی سطح کو چھونے سے بھی پھیل سکتا ہے۔
پاکستان کا مسافروں کی واپسی کے لیے مزید مہلت کا مطالبہ
پاکستانی حکام نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ پروازوں کی آمدورفت کے لیے مزید تین روز کا وقت دے۔
سعودی حکام نے دونوں ملکوں سے مسافروں کی آمدورفت کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔ جو ہفتے کو ختم ہو گئی۔
اس عرصے کے دوران دونوں ملکوں کی 142 پروازیں آپریٹ ہوئیں، جن کے ذریعے پاکستان سے لگ بھگ 19 ہزار جب کہ سعودی عرب سے 21 ہزار سے زائد مسافر پاکستان آئے۔
پاکستان کے سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی بہت سے مسافر واپس آنا چاہتے ہیں۔ مسافروں کی آمدورفت کے لیے 18 مارچ تک کا وقت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر بین الاقوامی پروازیں بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ
ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے سرحدوں پر موثر انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
نیوزی لینڈ حکام نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے بعد ملک میں داخل ہونے والوں کو خود کو 14 روز تک قرنطینہ میں رکھنا ہو گا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔ البتہ پہلے میچ کے بعد ہی یہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 71 رنز سے شکست دے دی تھی۔ یہ میچ بھی تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا تھا۔
گلے میں خراش کی شکایت کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کا کرونا وائرس ٹیسٹ کر کے اُنہیں الگ کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر کین رچرڈسن کا بھی جمعرات کو کرونا وائرس کے شبے میں ٹیسٹ کیا گیا تھا، البتہ اُن کا یہ ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
چین کے بعد جنوبی کوریا میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں کمی
چین کے بعد جنوبی کوریا میں بھی کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا میں گزشتہ دو روز کے دوران صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جنوبی کوریا میں ہفتے کو کرونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ تھی۔ ایسی ہی صورتِ حال جمعے کو بھی رہی تھی۔
جنوبی کوریا میں امراض کی روک تھام کے ادارے نے کہا ہے کہ ہفتے کو کرونا وائرس کے 107 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 204 رہی ہے۔ کرونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کو اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا میں جمعے کو بھی کرونا وائرس کے 110 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ صحت یاب ہو کر گھر جانے والے مریض تعداد میں زیادہ تھے۔