آئی ایم ایف نے وینزویلا کی 5 ارب ڈالر قرض کی درخواست مسترد کر دی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے پانچ ارب ڈالر کی وینزویلا کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے منگل کو آئی ایم ایف سے قرضے کی درخواست کی تھی تاہم آئی ایم ایف نے بالواسطہ طور پر یہ کہتے ہوئے درخواست مسترد کر دی کہ نکولس مادورو کی متنازع حیثیت کی وجہ سے اُن کی درخواست منظور نہیں کی جا سکتی۔
صدر نکولس کی جانب سے لکھے گئے خط میں آئی ایم ایف کے ریپڈ فنانسنگ انسٹرومینٹ سے کہا گیا تھا کہ وہ وینزویلا کے لیے پانچ ارب ڈالر کی ہنگامی رقم جاری کرے جسے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر خرچ کیا جائے گا۔
وینزویلا کی جانب سے 2001 کے بعد آئی ایم ایف سے قرض کی یہ پہلی درخواست تھی جسے آئی ایم ایف نے فوری طور پر مسترد کر دیا ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدقسمتی سے فنڈ کی درخواست پر غور نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ بین الاقوامی سطح پر وینزویلا کی موجودہ حکومت کی حیثیت غیر واضح ہے۔ آئی ایم ایف کی شراکت داری اُن ممالک کے ساتھ ہوتی ہے جن کی حکومت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ سمیت 50 سے زائد ممالک صدر نکولس کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے جب کہ حزبِ اختلاف کے سربراہ جان گیادو نے خود کو قائم مقام صدر کا اعلان کر رکھا ہے۔
وینزویلا کے 2018 میں ہونے والے انتخابات میں نکولس مادورو نے کامیابی حاصل کی تھی جسے گیادو نے دھوکہ قرار دیا تھا۔
امریکہ اور دیگر ممالک کے دباؤ کے باوجود نکولس مادورو اپنی حکومت قائم کرنے میں کامیاب رہے جنہیں چین، روس اور ملک کی طاقتور فوج کی حمایت حاصل ہے۔
کولمبیا میں ایمرجنسی نافذ
کولمبیا کے صدر ایون ڈیک نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر منگل کو ملک بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
صدر نے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں کہا کہ بزرگ حضرات جمعے سے مئی کے وسط تک گھروں میں ہی رہیں اور ضرورت کا سودہ سلف لینے کے لیے ہی باہر نکلیں۔
کولمبیا میں اسکول، بارز، نائٹ کلبس بند ہیں اور ملک میں داخل ہونے والے تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔
کولمبیا میں اب تک 75 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے بیشتر افراد یورپ یا امریکہ سے کولمبیا پہنچے تھے۔
بھارت کی فوج میں کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق
بھارت کی فوج کے لداخ اسکاؤٹس کے ایک اہلکار میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ فوجی اہلکار میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی تھیں جس کے بعد اس کا ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا ہے۔
فوجی اہلکار کے والد حال ہی میں ایران کی زیارت سے بھارت واپس پہنچے تھے۔ اُن کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
اہلکار کا علاج شروع کرتے ہوئے اسے آئسولیشن میں جب کہ اس کی بہن اور بیوی سمیت دیگر اہل خانہ کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
آسٹریلوی شہریوں کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی
آسٹریلیا نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے شہریوں کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگا دی ہے اور اپنے ان شہریوں کو بھی واپس آنے کی ہدایت کی ہے جو بیرونِ ملک سفر پر ہیں۔
آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے بدھ کو ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کا کہا گیا ہے جب کہ گھر کے اندر 100 سے زائد افراد اور گھر سے باہر 500 سے زائد افراد کے مجمع پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آسٹریلوی وزیر اعظم نے کہا کہ کرونا وائرس جیسی وبا 100 سالوں میں ایک مرتبہ آتی ہے۔ ان کے بقول، انہوں نے آسٹریلیا میں اس طرح کی وبا دوسری جنگِ عظیم کے بعد کبھی نہیں دیکھی۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے پانچ ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں جب کہ 500 سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہیں۔