پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 78 ہو گئی: ڈاکٹر یاسمین راشد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی ہے۔
لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ان مریضوں کو الگ کر دیا گیا ہے۔ اُن کے بقول مشتبہ مریضوں کو بھی الگ تھلگ رکھا جا رہا ہے۔
وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ میو اسپتال میں زیرِ علاج چار مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اُن کے بقول 384 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان کا بھارتی کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ
پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پیش نظر نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن فوری ختم کرے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے جمعرات کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرنا ضروری ہے تاکہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جمّوں و کشمیر کے لوگوں تک ادویات اور ضروری اشیا کی فراہمی کے لیے بھی انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی ذرائع بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انڈونیشیا میں کرونا وائرس کے مزید 82 کیسز رپورٹ، ہلاکتیں 25 ہو گئیں
انڈونیشیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 82 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک میں اب تک ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
انڈونیشیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 309 ہو گئی ہے۔ وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے 25 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
کرونا وائرس: گھر سے کام لیکن سائبر حملوں کا خطرہ
کرونا وائرس کے باعث دُنیا کے مختلف ملکوں میں کئی کمپنیوں اور سرکاری اداروں نے اپنے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ طلبہ بھی گھروں سے آن لائن کلاسز لے رہے ہیں۔ اس دوران ملازمین کمپنی ڈیٹا اور دیگر مواد بھی ہمراہ لے گئے ہیں۔
سائبر سیکیورٹی سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکرز اس صورتِ حال سے فائدہ اُٹھا کر کمپنیوں کے ڈیٹا میں مداخلت کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ملازمین کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
نیٹ ورکنگ کی بڑی کمپنی 'سیسکو انٹرنیشنل' کو موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد میں 10 گنا تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔