بھارتی کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا کیس، وادی میں لاک ڈاؤن
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد وادی میں جزوی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ سڑکیں ویران اور بازار بند ہیں جب کہ کئی علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں عائد ہیں۔ کشیر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے کیا انتظامات ہیں؟ جانتے ہیں سرینگر سے زبیر ڈار کی اس رپورٹ میں۔
خیبر پختونخوا کی تین یونین کونسلز میں لاک ڈاؤن
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے دو افراد کی ہلاکت کے بعد تین یونین کونسلز میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ جن میں ضلع مردان اور ہنگو کی یونین کونسلز شامل ہیں۔ جہاں بدھ کو دو افراد کی اس وائرس سے ہلاکت ہوئی۔
ضلع بونیر کی ایک یونین کونسل میں بھی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ یہاں ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ تینوں یونین کونسلز میں آمدورفت پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے کئی سرکاری محکموں کے ملازمین کو بھی رُخصت دے دی ہے۔ حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے پشاور سمیت مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں قرنطینہ مراکز قائم کیے ہیں۔
حکام نے جمعرات کو خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس سے مزید 15 کیسز کی تصدیق کی تھی۔ جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 34 ہو گئی ہے۔ متاثرہ افراد میں جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔
اسپین میں کرونا وائرس سے 767 ہلاکتیں
اسپین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 767 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 209 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسپین کی وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں دو سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 147 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ یورپ میں اٹلی کے بعد اسپین وہ دوسرا ملک ہے جو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ اٹلی میں اس وائرس سے 2900 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکہ: ایوانِ نمائندگان کے دو اراکین میں کرونا وائرس کی تشخیص
امریکہ میں ایوانِ نمائندگان کے دو اراکین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ریاست فوریڈا کے رکن ڈیاز بلارٹ اور یوٹا سے کانگریس کے نمائندہ بین مک ایڈمز نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دونوں اراکین نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔