سندھ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
پاکستان کے صوبۂ سندھ کی وزیرِ صحت عذرا بیچوہو نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ایک مریض دم توڑ گیا ہے۔ سندھ میں اس وائرس سے ہلاکت کا یہ پہلا کیس ہے۔
صوبہ سندھ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کے 250 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جمعے کو صوبائی وزیر صحت نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس کا شکار 77 سالہ مریض چل بسا جس کا تعلق کراچی سے تھا۔
سندھ میں کرونا وائرس کے بیشتر مریض وہ ہیں جو ایران سے سفر کر کے واپس پہنچے ہیں۔ سندھ حکومت نے سکھر کے لیبر ہال کو قرنطینہ مرکز بنا رکھا ہے جہاں مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
بیرونِ ملک موجود امریکی شہریوں کو واپس آنے کی ہدایت
امریکہ کے محکمہؑ خارجہ نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک سفر سے خبردار کیا ہے اور ملک سے باہر موجود شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر وطن واپسی کا انتظام کریں۔ بصورتِ دیگر وہ غیر معینہ مدت تک باہر قیام رکھیں۔
امریکہ کے بیرونِ ملک مقیم شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ واپس نہیں آرہے تو کسی محفوظ مقام پر رہنے کی تیاری کریں تاکہ کرونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔
محکمہ خارجہ نے جمعرات کو بین الاقوامی سفر سے متعلق اپنی ٹریول ایڈوائزری کو کیٹگری تین سے چار کرنے کا اعلان کیا جو انتہائی سنگین صورتِ حال کی نشاندہی کرتا ہے۔
امریکی شہریوں کو شمالی کوریا، ایران، عراق اور یمن کا سفر نہ کرنے کے لیے اس نوعیت کی ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں۔ جیسے جیسے کرونا وائرس پھیلتا گیا، محکمہ خارجہ اس میں مختلف ملکوں کے نام شامل کرتا گیا۔
گزشتہ ہفتے پوری دنیا کے لیے کیٹیگری تھری کی ایڈوائزری جاری کی گئی تھی جسے اب چوتھے درجے تک بڑھادیا گیا ہے۔
ایران سے 442 زائرین کا قافلہ ڈی آئی خان پہنچ گیا
ایران سے بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان سے براستہ کوئٹہ 442 زائرین پر مشتمل قافلہ جمعے کی صبح خیبر پختونخوا کے جنوبی شہر ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گیا ہے۔
وائرس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے والے تمام زائرین کو گومل میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے کورونا وائرس سے متاثرہ یا مشتبہ افراد کے علاج معالجے اور طبی معائنے کے لیے قرنطینہ مرکز بھی قائم کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے والے زائرین میں 201 افراد گلگت بلتستان جب کہ 241 کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے ہے۔
تمام زائرین کے پی سی آر ٹیسٹ اور اسکریننگ کے بعد مکمل کلیئرنس ہونے پر اُنہیں گھروں کو روانہ کیا جائے گا۔
بھارت میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 5 ہو گئیں
بھارت کے شہر جے پور میں ایک اطالوی سیاح کی ہلاکت کے بعد کرونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 198 تک پہنچ گئی ہے۔ جمعے کو 69 سالہ اطالوی سیاح ہلاک ہوا جس کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے 22 مارچ سے بھارت آنے والی غیر ملکی پروازوں پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ بھآرتی وزارتِ خارجہ نے دنیا کے مختلف حصوں میں پھنسے بھارتی باشندوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں میں قیام کو ترجیح دیں۔