پاکستان کا افغانستان کے ساتھ سرحد کھولنے کا اعلان
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے بلوچستان سے متصل افغانستان کی سرحد دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ پاکستان سے مال بردار ٹرک اور گاڑیاں افغانستان روانہ ہو سکیں۔
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے لیے پاکستان نے افغانستان اور ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کی ہوئی تھیں جس کے باعث آمد و رفت معطل تھی۔
وزیر اعظم عمران خان نے جمعے کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ کرونا وائرس کے بحران کے پیش نظر اپنے افغان بھائی اور بہنوں کی حمایت کے عزم پر قائم ہیں۔
بلوچستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ
بلوچستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 81 ہو گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب میں قائم شیخ زید اسپتال کو کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مزید 58 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 81 ہو گئی ہے۔
دوسری طرف بلوچستان کی حکومت نے صوبے بھر میں تاحکم ثانی پبلک ہیلتھ میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
ادھر کوئٹہ میں کرونا وائرس کے خوف کے باعث بولان میڈیکل کمپلیک کا طبی عملہ گزشتہ تین روز سے ہڑتال اور احتجاج کر رہا ہے۔
نرسز نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے انہیں فوری طور پر ماسک، گلوز اور دیگر ضروری احتیاطی اشیا فراہم کی جائیں۔
پاکستان کا ایران پر عائد امریکی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ
پاکستان نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر ایران پر عائد امریکی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے ایران پر عائد پابندیاں اٹھائی جائیں۔
شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کی وجہ سے ایران کو اپنے قومی وسائل استعمال کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اس وقت ایک غیر معمولی وبا سے برسر پیکار ہے۔ اس مشکل صورتِ حال میں تمام رہنماؤں کو انتہائی صلہ رحمی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
شاہ محمود قریشی کے بقول اس وقت ایران کو کرونا وائرس کی وجہ سے مشکل صورتِ حال کا سامنا ہے۔ اس لیے ایران سے پابندیاں اٹھائی جانی چاہئیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے بچاؤ کے لیے ایران اپنے وسائل استعمال کر سکے
انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور ہزاروں پاکستانی اب بھی ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔
کراچی: جزوی لاک ڈاؤن سے مسافر پریشان
کراچی میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن نے شہری زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ شہر کے بس اڈے بند ہونے سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ البتہ حکومت ان اقدامات کو شہریوں کے مفاد میں قرار دے رہی ہے۔ مزید دیکھیے محمد ثاقب کی ڈیجیٹل رپورٹ۔