جرمن چانسلر قرنطینہ میں چلی گئیں
جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کرونا وائرس سے متاثرہ اپنے ڈاکٹر کے ساتھ رابطے کے بعد رضاکارانہ طور پر قرنطینہ میں جانے یعنی خود کو دوسروں سے الگ تھلک رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جرمن حکومت کے ایک ترجمان نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ جس ڈاکٹر نے اُنہیں دو دن قبل نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین دی تھی، اُن کا اپنا کرونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا ہے۔
انجیلا مرکل کو یہ خبر اس کے کچھ ہی دیر بعد پہنچا دی گئی جب وہ ملک بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت قوانین کے اطلاق کا اعلان کر چکی تھیں۔
اپنے ڈاکٹر کو کرونا لاحق ہونے کے بعد اور یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ ڈاکٹر کے ساتھ رابطے میں رہی ہیں، انجیلا مرکل نے خود کو الگ تھلگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
شام میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا
مشرقِ وسطیٰ کے ملک شام میں 20 سالہ خاتون میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ جسے 14 روز کے لیے قرنطینہ میں زیر علاج رکھا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے اسے ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس قرار دیا جا رہا ہے۔
شام میں اپوزیشن متنبہ کرتی رہی ہے کہ ملک میں ایران نواز ملیشیا اور شیعہ زائرین کے ذریعے کرونا وائرس پہنچ چکا ہے۔ تاہم حکومت کی طرف سے اس دعوے کو رد کیا جاتا رہا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اقوام متحدہ کو خدشہ ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے شام میں خطرناک صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے۔
دارالحکومت دمشق میں اتوار سے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، پارکس اور ریستوران بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر بشار الاسد نے بھیڑ کی وجہ سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قیدیوں کو بھی رہائی دے دی ہے۔
کرونا کے متاثرین کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان گنوانے والا ڈاکٹر
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان ڈاکٹر اسامہ رياض کرونا سے متاثرہ افراد کی اسکرينگ کرتے ہوئے خود اس مہلک مرض میں مبتلا ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسامہ ریاض اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے اُن کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔
ڈاکٹر اسامہ رياض گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے جگلوٹ کے مقام پر قائم کردہ اسکرينگ کے مرکز ميں تعينات تھے۔ جہاں پر وہ تفتان سے آنے والے زائرين کی اسکرينگ کر رہے تھے۔
وائس آف امريکہ سے بات کرتے ہوئے گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فيض اللہ فراق نے بتايا کہ ڈاکٹر اسامہ کو ہفتے کے روز اسپتال ميں لائے جانے کے بعد جب ان کا کرونا وائرس کا ٹيسٹ کيا گيا تو وہ مثبت آيا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کے دماغ اور گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑ ديا تھا۔
حکومتی ترجمان نے تفتان اتھارٹی کو شديد تنقيد کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں سے آنے والے 50 فی صد زائرين کے کرونا ٹيسٹ مثبت آتے ہيں جو کہ ايک سنگين مسئلہ ہے۔
ایران کا امریکہ سے کسی بھی طرح کی مدد لینے سے انکار
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں امریکہ سے کسی بھی طرح کی مدد لینے سے انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ شاید کرونا وائرس امریکہ کی تیار کردہ سازش ہو سکتا ہے۔
ایرانی رہنما کا یہ بیان اتوار کو ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران کو امریکی پابندیوں کے سبب بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور اپنے خام تیل کی فروخت میں بندشوں کا سامنا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے یہ الزام نوروز کے موقع پر ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے نہیں معلوم کہ ان الزامات میں کتنی حقیقت ہے لیکن جب یہ بات ہو رہی ہے تو کون آپ کی ادویات پر یقین کرے گا، ہو سکتا ہے کہ آپ کی ادویات اس وائرس کو پھیلانے کا ایک ذریعہ ہوں۔‘‘