نریندر مودی کی عوام سے اپیل
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہندی میں کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو بچائیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے سات افراد ہلاک اور 400 سے زائد متاثر ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 799 ہو گئی
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں نئے کیسز کی تعداد 799 ہو گئی ہے۔
پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ گئی ہے جب کہ چھ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے صوبۂ سندھ سب سے زیاد ہ متاثر ہے جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 352 ہے۔ پنجاب میںںں 225، بلوچستان میں 104، خیبر پختونخوا 31، دارالحکومت اسلام آباد میں 15، پاکستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان میں 71 اور کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند
بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے پشاور میں تمام بس اڈے بند ہیں۔ اس پابندی کا اطلاق آئندہ سات روز کے لیے ہو گا۔
پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق شہر میں جزوی لاک ڈاؤن کے باعث بڑے تجارتی مراکز بند ہیں جہاں پولیس تعینات ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پابندی کی خلاف ورزی پر 88 دکانداروں اور تین دلہوں کو بھی حراست میں لیا تھا۔
سعودی عرب میں کرفیو نافذ، متحدہ عرب امارات میں پروازیں منسوخ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 21 روز کے لیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رسال 'رائٹرز' کے مطابق سعودی عرب میں پیر کے روز شام سات بجے سے اگلی صبح چھ بجے تک پورے ملک میں کرفیو نافذ رہے گا اور یہ سلسلہ آئندہ 21 روز تک جاری رہے گا۔
دوسری طرف متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دو ہفتوں کے لیے ملک سے جانے والی اور ٹرانزٹ پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی 'وام' کے مطابق آئںدہ دو ہفتوں کے لیے ملک بھر میں شاپنگ سینٹرز بند رہیں گے۔ صرف میڈیکل اسٹورز اور اشیا خورد و نوش کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
'وام' کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق اگلے 48 گھنٹوں میں ہوگا جو کہ اگلے دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔