دنیا بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ لیکن یہ مہلک وبا اسی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لوگوں کا ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھنا اور سماجی رابطوں میں دوری اختیار کرنا بہت اہم ہے۔ لہٰذا دنیا بھر میں لوگ ایک دوسرے سے ملنے میں احتیاط برت رہے ہیں اور عوامی مقامات پر لوگوں سے فاصلہ رکھ رہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق جہلم میں 14 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
بھارت میں دکانوں کے باہر گاہکوں کے درمیان فاصلے کے لیے خصوصی انتظام
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک 10 افراد ہلاک اور 500 سے زائد متاثر ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق بدھ سے ہو گیا ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے لوگوں کو گھروں پر رہنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔ لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد لوگوں نے اشیا خور و نوش کی دکانوں کی جانب رخ کر لیا ہے جہاں لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کے لیے دائرے بنائے گئے ہیں۔
- By شمیم شاہد
شمالی وزیرستان میں بیرونِ ملک سے آنے والوں کی اسکریننگ
افغانستاں سے ملحقہ علاقے شمالی وزیرستان میں بیرونِ ملک سے آنے والے افراد کی اسکریننگ اور شناخت کا عمل جاری ہے۔
ضلعی پولیس افسر شفیع اللہ گںڈاپور کی جانب سے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سے آنے والے 200 افراد کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دبئی اور دیگر ممالک سے آنے والے 1336 مسافروں کی تصدیق کا عمل جاری ہے جبکہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس الرٹ ہے۔
شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق ضلع میں داخل ہونے والے تمام لوگوں کی اسکریننگ کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں فوج، انتظامیہ اور محمکۂ صحت کے ساتھ پولیس قریبی تعاون کر رہی ہے۔