- By عمر فاروق
خیبرپختونخوا حکومت کی رضاکار فورس
خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے صوبے میں کرونا سے نمٹنے کے لیے رضاکار فورس قائم کر دی ہے جس میں شمولیت کے لیے عوام سے بھی اپیل کی ہے۔
کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ بننے والے رضا کار خود کو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کی ویب سائٹ پر رجسٹر کر سکیں گے۔
کامران بنگش نے عوام سے رجسٹر ہونے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت اور عوام مل کر کام کریں گے۔
اُن کے بقول رضاکار ٹاسک فورس کا حصہ بننے والے افراد کو ضروری تربیت بھی دی جائے گی۔ رضا کار رجسٹریشن کے لیے www.cdgpeshawar.gov.pk وزٹ کریں۔
- By علی فرقان
پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس طلب
پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس بدھ کو ہو گا۔ اجلاس کے دوران کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے مطالبے پر بلائے گئے اس اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان، قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان شریک ہوں گے۔
عمران خان نے کرونا وائرس کے تناظر میں سیاسی اتفاق رائے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو کردار ادا کرنے کا کہا تھا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے پارلیمانی رہنماؤں کا یہ غیر معمولی اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوگا۔
اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے پیدا شدہ صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا اور صحت عامہ کے ساتھ ساتھ معیشت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی پر پڑنے والے اثرات پر غور کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے کرونا وائرس کے خطرات کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے سفارشات حکومت کو دینے کے لیے پارلیمنٹ کے کردار پر زور دیا تھا جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ نے کرونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے 15 نام گزشتہ ہفتے بجھوا دیے تھے جن میں ایوان بالا میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان شامل ہیں۔
پاکستان میں ڈومیسٹک فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان کی حکومت نے تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد ہر قسم کی ڈومیسٹک شیڈول اور بغیر شیڈول چارٹرڈ اور نجی ہوائی جہاز کے مسافروں کی پروازوں کا آپریشن 26 مارچ 2020 کی صبح چھ بجے سے دو اپریل تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی عبدالستار کھوکھر نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ فضائی آپریشن کی معطلی کا اطلاق کارگو اور خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔
اُن کے بقول، خصوصی پروازوں کی منظوری خصوصی اجازت کے تحت ہو گے۔
بلوچستان میں مزید 5 کیسز رپورٹ
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 115 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبائی حکوومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق سرحدی شہر تفتان میں قائم قرنطینہ سینٹر میں ایران سے آنے والے دو شہریوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ قرنطینہ سینٹر میں پہلے سے موجود تین افراد میں کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
انتظامیہ نے ایران سے متصل اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ریلیف کمشنر کے اعلامیے کے مطابق یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور لوگوں کے تحفظ کے لیے اُٹھایا گیا ہے جس کا اطلاق چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر کے اضلاع میں ہو گا۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی صوبے میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر کوئٹہ، سبی، تربت کے بینچز اور تمام ذیلی عدالتوں اور ٹربیونلز میں 25 سے 28 مارچ تک جب کہ حکومت تمام محکموں کے لیے 28 مارچ تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔