پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس کے کسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1102 ہو گئی ہے اور آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سب سے زیادہ کیسز سندھ اور پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں بالترتیب 417 اور 323 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
بلوچستان میں 131، خیبرپختونخوا میں 121، وفاقی دارالحکومت میں 25، گلگت بلتستان میں 81 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں اب تک ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
- By علی فرقان
عمران خان آئسولیشن سینٹر کا دورہ کریں گے
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کرونا وائرس آئسولیشن سینٹر کا دورہ کریں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اس موقع پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ بھی دیں گے۔
آئسولیشن سینٹر کا دورہ پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی سے نشر کیا جائے گا۔
امریکہ کی سینیٹ میں ریلیف پیکج کی منظوری
امریکہ کے ایوانِ بالا (سینیٹ) نے بدھ کی شب 2000 ارب ڈالر کے معاشی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ امریکہ کی تاریخ کے اس سب سے بڑے پیکج کو کرونا وائرس کی وجہ سے بحران کی شکار معیشت کو بچانے کے لیے خرچ کیا جائے گا۔
اس سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ اور دونوں جماعتوں کے درمیان کئی روز تک مذاکرات ہوئے اور طویل بحث و مباحثے کے بعد اسے منظور کرنے پر اتفاق ہوا۔
ان مذاکرات میں امریکی وزیرِ خزانہ اسٹیو منوچن کے علاوہ ری پبلکن پارٹی کے سینیٹ میں قائد مچ میک کونل اور ڈیموکریٹس کے رہنما چک شومر سرگرم رہے جب کہ دوسرے رہنماؤں نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔
سینیٹ میں منظوری کے بعد اب اس پیکج کو ایوانِ نمائندگان میں پیش کیا جائے گا جس کا اجلاس جمعے کی صبح طلب کیا گیا ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ
امریکہ میں بدھ کو پہلی بار کرونا وائرس سے 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہیں۔
ایسٹرن وقت کے مطابق رات گیارہ بجے تک امریکہ میں کرونا وائرس کے مزید 247 مریض ہلاک ہوگئے جن میں 95 کا تعلق نیویارک سے تھا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے تقریباً نصف یعنی 33 ہزار مریض صرف نیویارک میں ہیں۔
دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز نیویارک کی پڑوسی ریاست نیوجرسی میں ہیں جن کی تعداد ساڑھے چار ہزار ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے نیویارک سے باہر جانے والے تمام لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 14 دن قرنطینہ میں رہیں۔