خیبرپختونخوا: رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام أفریدی میں کرونا کی تصدیق
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے رُکن اسمبلی عبدالسلام آفریدی میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رُکن اسمبلی صوبے کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے موجود تھے۔
عبد السلام آفریدی نے خود کو گھر میں ہی خود ساختہ تنہائی اختیار کر لی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 147 ہے۔
کرونا وائرس: لاک ڈاؤن کے دنوں میں کون سی فلمیں دیکھیں؟
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن کے سبب لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ وہ بے وقت ہونے والی اِن طویل چھٹیوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور ان کے لیے سب سے اہم سوال یہ ہے کہ یہ وقت کیسے گزارا جائے۔
ایسے میں تفریح اور وقت گزارنے کا سب سے دلچسپ مصرف فلمیں دیکھنا بھی ہوسکتا ہے۔ یوں بھی ہالی وڈ فلموں کے لیے وبائی امراض یا وائرس سے پھیلنے والی مہلک بیماریوں کا موضوع کوئی نیا نہیں ہے۔ 25 سال سے بھی زائد عرصے سے ان موضوعات پر فلمیں بن رہی ہیں۔
ان فلموں میں بہت سی فلمیں ہِٹ اور کچھ میگا ہِٹ بھی رہیں۔
کرونا وائرس کی وبا کے دوران اِن فلموں کو دیکھنے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور گھروں میں قید لوگ ایسی فلموں کی تلاش میں ہیں جنہیں دیکھ کر ایک جانب انہیں کرونا وائرس سے متعلق معلومات حاصل ہوسکیں تو دوسری جانب یہ فلمیں ان کے لیے تفریح کا باعث بھی ہوں۔
کوئٹہ: پابندی کے باوجود مختلف مساجد میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات
بلوچستان میں اجتماعات محدود کرنے کے احکامات کے باوجود کوئٹہ کی مختلف مساجد میں شہریوں نے نمازِ جمعہ ادا کی۔ صوبائی حکومت نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر گزشتہ روز نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں پانچ افراد سے زائد کی موجودگی پر پابندی عائد کی تھی۔
- By شمیم شاہد
پشاور میں نمازِ جمعہ گھروں پر ادا، لاک ڈاؤن کے سبب سڑکیں سنسان
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی زیادہ تر لوگوں نے نماز جمعہ گھروں پر ہی ادا کی اور مساجد میں نماز کے اجتماعات نہیں ہوئے۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ روز مساجد میں نمازوں کے اجتماعات محدود کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ادھر پشاور میں لاک ڈاؤن کے سبب سڑکیں بھی سنسان ہیں۔