زلفی بخاری کے خلاف دائر درخواست مسترد
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری المعروف زلفی بخاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست مسترد کر دی گئی۔
عدالت میں دائر درخواست میں تفتان سے آئے ہوئے پاکستانی زائرین کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی تھی۔
ہائی کورٹ میں دوران سماعت حکومتی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 23 مارچ کو ملک بھر میں آرٹیکل 245 لگ چکا ہے لہٰذا عدالت کے پاس آرٹیکل 199 لگانے کا اختیار نہیں ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کے لاگو ہونے کے بعد عدالت کے پاس آرٹیکل 199 کے تحت جوڈیشل کمیشن بنانے کا اختیار نہیں ہے۔ یہ وقت الزامات کا نہیں بلکہ کام کرنے کا ہے۔
- By نذر الاسلام
صوابی کے ڈاکٹر کے خلاف تحقیقات کا حکم
پاکستان کے صوبے خيبر پختونخوا کے محکمۂ صحت نے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے ايک ڈاکٹر کے خلاف سوشل ميڈيا پر اپنی تصوير شيئر کر کے مبینہ طور پر حکومت کو بدنام کرنے کے اقدام کی تحقيقات کا حکم دے دیا ہے۔
ڈاکٹر عامر علی خان نے ایک مريض کے معائنے کے دوران چہرے پر ماسک کے بجائے پلاسٹک کا بيگ پہنا تھا۔ اس تصوير کے سوشل ميڈيا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں ليا اور زور ديا کہ وہ ڈاکٹروں کو تمام حفاظتی انتظامات مہيا کرے۔
صوبائی محکمہؑ صحت کے ضلعی ہيلتھ آفيسر کليم اللہ خان نے اپنی رپورٹ ميں ڈاکٹر عامر علی خان کے خلاف ہيلتھ کيئر اسٹاف اور صوبائی محکمۂ صحت کو بدنام کرنے کے الزام ميں سخت تاديبی کارروائی کی سفارش کی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عامر نے صبح کی شفٹ ميں اپنی ڈيوٹی دی ليکن جان بوجھ کر تصاوير لينے اور ويڈيو ريکارڈ کر کے اسے سوشل ميڈيا پر شيئر کرنے کے لیے شام کی شفٹ ميں شريک ہوئے۔
پاکستان میں 18 ہلاکتیں، کیسز کی تعداد 1625 ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 1625 ہو چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اتوار کی صبح دس بجے تک کرونا وائرس کے شکار مزید 4 افراد دم توڑ گئے اور 54 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ پنجاب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اس وبا میں مبتلا افراد کی تعداد 593 ہو گئی جب کہ دوسرے نمبر پر سندھ متاثر ہیں جہاں اب تک تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 508 ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں 195، بلوچستان میں 144، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 51، گلگت بلتستان میں 128 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں متاثرین کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے شکار امریکی میوزک اسٹار جو ڈفی چل بسے
امریکہ کے گریمی ایوارڈ یافتہ میوزک اسٹار جو ڈفی کرونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 61 برس تھی۔
فرانس کے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق گلوکار جو ڈفی کی موت کا اعلان ان کے فیس بک پیج پر کیا گیا ہے۔
اس اعلان کے مطابق اُن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اُنہیں کئی پیچیدگیوں نے آگھیرا تھا اور یہی پیچیدگیاں بلاخر ان کی موت کا سبب بنیں۔
اپنی موت سے دو روز قبل ہی ڈفی نے سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں سے یہ بات شیئر کی تھی کہ ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔