رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:28 30.3.2020

چین میں زندگی معمول پر آنے لگی

کرونا وائرس سے سب سے پہلے چین کے صوبے ہوبئی کا شہر ووہان متاثر ہوا تھا۔

ووہان میں وائرس سے ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد چینی حکومت نے شہر اور صوبے کا لاک ڈاؤن کیا اور کئی ہفتوں تک یہ لاک ڈاؤن جاری رہا۔

چینی صوبے ہوبئی میں دو ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد زندگی معمول کی طرف لوٹنا شروع ہوگئی ہے اور رونقیں بحال ہوتی جا رہی ہیں۔


مزید تصاویر دیکھیے

18:34 30.3.2020

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، نیپال میں پولیس کی سماجی دوری رکھ کر کارروائی

جنوبی ایشیا کے ملک نیپال میں کرونا وائرس کے باعث عائد کیے گئے لاک ڈاؤن کو ایک ہفتہ ہو رہا ہے۔

لاک ڈاؤن میں شہروں کو گھروں تک محدود رکھنے کے لیے پولیس متحرک ہے۔ پولیس کی جانب سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے والے افراد کو حراست میں لیا جا رہا ہے تاہم اس دوران شہریوں سے سماجی دوری برقرار رکھی جاری ہے۔

پولیس نے اس طرح کا آہنی شکنجہ بنایا ہوا ہے جس کی مدد سے چھ فٹ کی دوری سے افراد کو کمر سے پکڑ کر پولیس کی گاڑیوں میں ڈالا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ نیپال میں اب تک کرونا وائرس کے صرف پانچ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک شخص صحت یاب بھی ہو چکا ہے۔

18:09 30.3.2020

'پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 99 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی'

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 99 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے اب تک 21 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ موجود وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف نے بتایا کہ ریلوے کا آپریشن فی الحال بند ہے۔ یکم اپریل سے ریلوے کا آپریشن شروع نہیں ہو رہا۔

معید یوسف نے کہا کہ پروازوں کی بحالی ابھی زیر غور ہے تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

فضائی سفر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اندرون ملک پروازیں بند ہیں جب کہ فی الحال یہ بند ہی رہیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پانچ اپریل سے بین الاقوامی فلائٹ سروس بحال نہیں کی جا رہی۔ اس حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

معید یوسف نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ایئر پورٹ پر پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے نہیں ہیں۔

پریس کانفرنس میں موجود چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں ایک لاکھ حفاظتی کٹس پاکستان پہنچ جائیں گی۔

کرونا وائرس کی تشخیص کے حوالے سے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو 20 ہزار جب کہ پنجاب حکومت کو پانچ ہزار ٹیسٹنگ کٹس دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھا رہے ہیں۔

17:45 30.3.2020

کرونا وائرس: دنیا بھر میں کیسز کی تعداد سات لاکھ 35ہزار سے متجاوز

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد سات لاکھ 35 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی 34000 سے بڑھ گئی ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں ہی ہیں جب کہ سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں۔

اٹلی میں کئی ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن کی صورت حال ہے۔ اتوار کو اٹلی کرونا وائرس سے مزید 750 اموات کی تصدیق ہوئی۔ تاہم ملک میں اس وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار میں قدرے کمی کے اشارے ملے ہیں۔

امریکہ کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہر نیو یارک میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ شہر میں امدادی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جب کہ پیر کو امریکی بحریہ کے ایک جہاز میں قائم اسپتال کو نیو یارک پہنچا دیا گیا ہے۔

اس بحری جہاز کی آمد سے نیو یارک کے اسپتالوں سے کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو اس اسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ نیو یارک کے اسپتالوں میں کرونا وائرس کے سوا دیگر مریضوں کی گنجائش پیدا ہو سکے۔

اسی طرح کے ایک اور بحری جہاز میں قائم نیوی کے اسپتال کو امریکہ کے دوسرے گنجان ترین شہر لاس اینجلس کی بندرگاہ لانگ بیچ پہنچا دیا گیا ہے۔

امریکہ میں پہلے سے اعلان کردہ سوشل ڈسٹینس یعنی سماجی فاصلے کی پابندی آج پیر کو ختم ہونے والی تھی۔ تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پابندی کو اپریل کے آخر تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

دنیا کے متعدد سربراہان مملکت اس وائرس کے معیشت پر اثرات پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ تاہم وائرس سے بڑھتی ہوئی اموات کے حوالے سے انہیں مسلسل تنقید کا سامنا ہے۔

روس میں نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ماسکو میں عام شہریوں کو صرف انتہائی ضروری کاموں، خوراک یا دوائیں خریدنے، طبی بنیادوں پر کسی ہنگامی صورت حال میں ہی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

برطانیہ میں وزیر اعظم بورس جانسن اور ولی عہد شہزادہ چارلس سمیت کرونا وائرس میں مبتلا 22000 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن چھ ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG