تبلیغی جماعت سے زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی: اسپیکر پنجاب اسمبلی
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت سے کوئی ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت پُر امن ضرور ہے لیکن لاوارث نہیں۔
ان کا ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شیئر کیا جا رہا ہے۔
چوہدری پرویز الہی کا مزید کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا یورپ، امریکہ اور اٹلی میں بھی کرونا وائرس تبلیغی جماعت کی وجہ سے پھیلا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند کیا جائے اور زیر حراست افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
کرونا وائرس نے 500 سال پرانی چکّی دوبارہ چلا دی
کوسووو میں پانی سے چلنے والی ایک چکّی لگ بھگ پانچ صدیاں پرانی ہے۔ برقی مشینوں کے آ جانے سے یہ چکّی کبھی آٹا پسوانے والوں کی راہ تکتی تھی، لیکن اب وہاں اتنا رش ہے کہ چکّی کے مالکان کو سر کھجانے کی فرصت نہیں۔ کرونا وائرس نے اس چکی کو دوبارہ کیسے چلایا؟ دیکھیے اس ویڈیو میں
'پاکستان میں کرونا وائرس میں مزید اضافہ ہوگا'
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں وبا میں اضافہ کس شرح سے ہوگا یہ ابھی معلوم نہیں ہے۔
راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اعداد و شمار موصول ہو رہے ہیں۔ ان اعداد و شمار کی روشنی میں ایک ہفتے میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔
یورپی ممالک میں وبا سے اموات کا تذکرہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے پاکستان میں شرح اموات بہت کم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے 2039 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اس وبا سے اب تک 26 افراد کی موت ہوئی ہے۔ وائرس سے متاثر ہونے والے 82 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 15 جنوری میں حکومت کو معلوم ہوا کہ چین میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے۔ اس وقت سے ہی اس کی روک تھام کی تیاری شروع کر دی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے۔
ان فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی ترجیح ہے کہ آئی سی یو اور اسی طرح کے وارڈز میں کام کرنے والوں کو حفاظتی آلات پہلے فراہم کیے جائیں۔
نیپال میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے پنجرے میں بند
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے کچھ افراد کو انتظامیہ نے جیل نما پنجرے میں بند کیا ہوا ہے۔ نیپال میں کرونا وائرس کے پیشِ نظر گزشتہ آٹھ روز سے لاک ڈاؤن ہے جس کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو مختلف سزائیں دی جا رہی ہیں۔