رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

03:14 3.4.2020

امریکہ میں بیروزگاری الاؤنس کی 66 لاکھ درخواستیں

امریکہ میں بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دینے والوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ محنت نے بتایا ہے کہ پچھلے ہفتے 66 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد نے اپنی درخواستیں جمع کرائیں جن میں کہا گیا تھا کہ ان کی ملازمت ختم ہو گئی ہے، اس لیے انہیں بے روزگاری الاؤنس دیا جائے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بے روزگاروں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ کئی افراد بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دینے کی شرائط پر پورا نہیں اترتے۔

اس سلسلے میں تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ایک کروڑ سے زیادہ کارکنوں کی ملازمتیں ختم ہو گئی ہیں، جس کی وجہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ڈر سے کاروباروں، صنعتوں اور سروسز سے وابستہ اداروں کی بندش ہے۔ یہ خدشات موجود ہیں کہ آنے والے ہفتوں میں لاک ڈاؤن کے باعث مزید لاکھوں افراد بے روزگاروں کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں جس سے بے روزگاری الاؤنس طلب کرنے والوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

امریکہ کے ماہرین معاشیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جولائی تک ساڑھے 16 کروڑ کارکنوں پر مشتمل امریکی ورک فورس میں سے ڈھائی سے چار کروڑ تک افراد اپنے روزگار سے محروم ہو سکتے ہیں، جس سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت اپریل تا جون کی سہ ماہی میں کساد بازاری میں چلی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے حال ہی میں کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے جس 2 ٹریلین ڈالر کے پیکیج کا اعلان کیا ہے، اس میں 250 ارب ڈالر بے روزگار ہونے والوں کی مدد کے لیے رکھے گئے ہیں۔

03:06 3.4.2020

پاکستان میں پھنسے امریکیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پرواز

کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کے لئے پروازیں منسوخ ہونے کے باعث پاکستان میں پھنسے ہوئے امریکی شہریوں اور گرین کارڈ ہولڈرز کی پہلی کھیپ خصوصی امریکی چارٹرڈ طیارے کے ذریعہ تین اپریل کو واشنگٹن پہنچے گی۔ تاہم بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں پر گیارہ اپریل تک بدستور پابندی عائد رہے گی۔

پاکستان میں سیکڑوں کی تعداد میں ایسے پاکستانی امریکی پھنس کر رہ گئے ہیں جو اپنے عزیزوں سے ملنے یا کسی کاروباری مصروفیت کی وجہ سے پاکستان گئے تھے۔ ان کی وطن واپسی کے لئے امریکی سفارت خانے نے یکم اپریل کو خصوصی پرواز کا اہتمام کیا تھا تاہم اسے کسی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ اب یہ پرواز جمعہ تین اپریل کی صبح دو بجے واشنگٹن کے ڈیلس اہئرپورٹ کے لئے روانہ ہو گی۔

پاکستان میں پھنسے ہوئے ایک پاکستانی امریکی صحافی ناصر قیوم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ خصوصی پرواز کراچی سے براستہ اسلام آباد واشنگٹن روانہ ہو رہی ہے۔

ناصر قیوم کے مطابق پہلے مرحلے میں ضیف اور معمر افراد کو واپس امریکہ لے جایا جا رہا ہے۔ اس کے بعد دوسری پرواز کب جائے گی، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

خصوصی امریکی چارٹرڈ پرواز کے بارے میں تفصیلات کے لئے اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا تو امریکی پریس اتاشی کا کہنا تھا کہ پرواز روانہ ہو جانے کے بعد واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے حکام اس کی تفصیلات فراہم کر دیں گے۔

02:59 3.4.2020

ڈیموکریٹ پارٹی کا کنونشن اگست تک مؤخر

امریکی ڈیموکریٹک پارٹی نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے مقررہ کنوینشن ایک ماہ آگے بڑھا دیا ہے، جو اب اگست میں منعقد ہو گا۔ جمعرات کو اس بات کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی نے اس التوا کا سبب کرونا وائرس کا بحران قرار دیا۔ کرونا انفکشن کے تیزتر پھیلاؤ نے امریکہ بھر میں زندگی کے نظام کو درہم برہم کر دیا ہے۔

نومبر کے صدارتی انتخاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے لیے ڈیموکریٹس ملواکی میں منعقد ہونے والے کنوینشن میں اپنے امیدوار کا باضابطہ فیصلہ کریں گے۔

ڈیموکریٹ نیشنل کنوینشن کمیٹی کے سربراہ، جو سلمانیز نے کہا ہے کہ ''موجودہ غیر یقینی ماحول میں، ہم سمجھتے ہیں کہ بہتر انداز یہی ہو گا کہ اس بات کا انتظار کیا جائے کہ صورت حال کیا رخ اختیار کرتی ہے''۔

صدارتی انتخابی مہم زیادہ تر آن لائن چلائی جا رہی ہے اور زیادہ تر ریاستوں نے پارٹی نامزدگی کے لیے رائے شماری میں تاخیر کا اعلان کیا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے سرکردہ مد مقابل امیدوار، جو بائیڈن نے بدھ کے روز کنوینشن کو موئخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

02:55 3.4.2020

کرونا وائرس کو کسی مسلک سے جوڑنا مناسب نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل

پاکستان میں اسلامی قوانین سے متعلق آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مساجد کی تالا بندی یا بندش کا تاثر نہیں جانا چاہئے اور انتظامیہ عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں مساجد کے آئمہ سے تعاون حاصل کرے نہ کہ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے۔​

کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورت حال اور مذہبی مسائل سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کرونا وائرس کے سبب وفات پانے والے افراد کے لئے لفظ ہلاک استعمال نہ کیا جائے بلکہ انہیں شہید یا جاں بحق لکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث وفات پانے والوں کے غسل اور تدفین کا انتظام کیا جائے اور احتیاتی تدابیر اور سماجی فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے قریبی رشتہ داروں کو جنازہ و تدفین میں شرکت کی اجازت دی جائے اور تدفین کرتے ہوئے تکریم و احترامِ انسانیت کا مکمل خیال رکھا جائے۔

تاہم کونسل موجودہ حالات میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے حوالے سے کوئی واضح فیصلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ خیال رہے کہ نماز جمعہ کے حوالے سے گائیڈ لائنز فراہم کرنا کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔

کونسل نے واضح کیا کہ کرونا وائرس کو کسی مسلک یا فرقے کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے اور یہ کہ عمرہ کے مسافر ہوں، مقدس مقامات کے زائرین ہوں یا تبلیغی جماعت کے کارکن، ان کا اس بیماری کے پھیلاؤ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمرہ و زیارات یا دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مختص رقم کو بھی کرونا وائرس سے معاشی دباؤ کے شکار افراد کی مدد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس موقع پر اقلیتی برادری کو بطور خاص یاد رکھا جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG