خیبرپختونخوا کے بینکوں کے باہر رش
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے بینکوں کے باہر لوگ تنخواہوں کی وصولی کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ حکومت نے لوگوں کو زیادہ تعداد میں جمع نہ ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ لیکن مہینے کے آغاز پر تنخواہوں کی وصولی کے لیے لوگوں نے بینکوں کا رخ کیا۔
پاکستان کے صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان کے صوبہ سندھ میں جمعے کو دوپہر 12 بجے سے ساڑھے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی گاڑیاں سڑکوں پر لائی جا سکتی ہیں۔
کراچی سمیت صوبے بھر کے اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران پیٹرول پمپس، کریانے کی دکانیں اور دیگر مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔
چین میں کرونا سے مرنے والوں کی یاد میں سوگ منانے کا اعلان
چین نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ہفتے کو ملک بھر میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چین نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو 'شہید' قرار دیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق ہفتے کی صبح دس بجے ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں پہلے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد اگلے دو منٹ تک گاڑیوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے سائرن بجا کر سوگ کا اظہار کیا جائے گا۔
عالمی بینک نے ہنگامی فنڈز کی منظوری دے دی
عالمی بینک نے کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے 25 ملکوں کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب 90 کروڑ ڈالرز کے ہنگامی فنڈز کی منظوری دی ہے۔
جن ممالک کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے ان میں جنوبی ایشیا کے پانچ ملک بھارت، پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور مالدیپ بھی شامل ہیں۔
عالمی بینک کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق بھارت کو کرونا وائرس کی تشخیص کو بہتر کرنے، حفاظتی سامان اور قرنطینہ وارڈز قائم کرنے لیے ایک ارب ڈالر ملیں گے۔
اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے، صحت عامہ اور دیگر سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر، سری لنکا کو 12 کروڑ 86 لاکھ ڈالر، افغانستان کو 10 کروڑ ڈالر جب کہ مالدیپ کو 73 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
عالمی بینک نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے بینک آئندہ 15 ماہ کے دوران 160 ارب ڈالرز خرچ کرنے کے لیے تیار ہے۔