کرونا وائرس سے بچاؤ کی کوششیں
پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 2880 ہوگئی، 45 ہلاکتوں کی تصدیق
پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 2880 ہو گئی جب کہ وبا سے ہلاکتیں 45 تک پہنچ گئی ہیں۔
کرونا وائرس کے حوالے سے سرکاری اعداد و شمار کی ویب سائٹ 'کویڈ' کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 172 نئے مریض سامنے آئے ہیں جب کہ ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 2880 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سب سے زیادہ متاثرہ افراد پنجاب میں ہے جن کی تعداد 1163 ہے۔
پاکستانی گلوکار سلمان احمد بھی کرونا وائرس کا شکار
'جنون' بینڈ کے پاکستانی گلوکار سلمان احمد کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے خود کو سب سے الگ تھلگ کرلیا ہے۔
اس بات کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر جاری ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔
سلمان احمد ان دنوں امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہیں۔
امریکہ فی الوقت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔
امریکہ کا شہر نیو یارک اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے۔ مریضوں کی بہتات کی وجہ سے اسے کرونا وائرس کا سب سے بڑا مرکز کہا جارہا ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں سلمان احمد نے لکھا ہے کہ ڈاکٹرز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ میں بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں۔
انڈین پریمئیر لیگ کو مختصر کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا
انڈین پریمئیر لیگ کو مختصر کرنے اور اسے تماشائیوں کی شرکت کے بغیر کرانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑی بھی اس حق میں ہیں کہ اسے مختصر کرکے رواں سال کے آخر میں منعقد کرایا جائے۔
ان کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے سابق بیٹسمین کیون پیٹرسن، بین اسٹوکس اور کمنس، بھارت کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر یہاں تک کہ بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی بھی اس حق میں ہیں کہ لیگ کو مختصر کردیا جائے تو رواں سال ہی اس کا انعقاد ممکن ہے۔
کھلاڑیوں نے کرکٹ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ سال کے آخر میں ایک ٹی 20 انڈین پریمیئر لیگ کے انعقاد کی منصوبہ بندی کریں تاکہ کرونا وائرس کے باعث طویل لاک ڈاؤن کے بعد کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں بحال ہوسکیں اور اس کے کھیلوں کی معشیت پر اچھے اثرات مرتب ہوسکیں۔
دنیا کے مہنگے ترین کرکٹ ٹورنامنٹس میں سے ایک 'انڈین پریمیئر لیگ' کو فی الحال 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا ہے۔ التوا کی وجہ بھارت میں جاری 21 روزہ لاک ڈاؤن ہے۔