رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:11 8.4.2020

بھارت میں لاک ڈاؤں میں مزید توسیع کا عندیہ

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کو اچانک ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔ لہذٰا اس میں توسیع کی جا سکتی ہے۔ بدھ کو بھارت کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو مشاورت کے بعد بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پابندیاں فوری طور پر ہٹانا ممکن نہیں ہو گا۔

بھارت میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کی مدت 14 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس سے اب تک 149 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ جن میں سے 35 ہلاکتیں گزشتہ 24 گھنٹے میں ہوئی ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے اینٹی ملیریا دوا، ہائڈروکسی کلوروکوئن، کی سپلائی کی ہامی بھرنے کے بعد، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو عظیم اور واقعی اچھا دوست قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی ریاست گجرات کی تین دوا ساز فیکٹریوں سے دواؤں کی بڑی کھیپ جلد امریکہ پہنچ رہی ہے۔

سینئر کانگریس رہنما ششی تھرور نے اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ بھارت بغیر کسی غرض کے دوا کی سپلائی پر راضی ہوا ہے۔ لہذٰا اگر امریکی لیبارٹری میں کرونا وائرس کی ویکسین تیار ہو جائے تو امریکہ کو اسے بھارت بھجوا کر احسان کا بدلہ چکانا چاہیے۔

18:52 8.4.2020

پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کے ویزوں میں 30 اپریل تک توسیع

پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تمام غیر ملکی افراد کے ویزوں میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لوگوں کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا۔

18:29 8.4.2020

کوئٹہ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی

کرونا وائرس کے باعث کوئٹہ میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔ شہر میں صبح چھ بجے سے دوپہر تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

17:59 8.4.2020

سندھ میں شب برات کے اجتماعات اور قبرستان جانے پر پابندی

سندھ حکومت نے ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے صوبے بھر میں شب برات کے موقع پر ہونے والے اجتماعات اور قبرستانوں میں جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

اسلامی مہینے شعبان کی 15 تاریخ کی درمیانی رات شب برات کی محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جس میں مسلمان عبادتیں کرتے ہیں اور اس دوران قبرستانوں میں جا کر اپنے پیاروں کی بخشش کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔

البتہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ میں بھی لاک ڈاون ہے اور مساجد میں بھی نماز کی ادائیگی کے لیے تین سے پانچ افراد ہی کو جماعت کی اجازت دی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر ہونے والی تقریبات پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ ملک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا صوبہ ہے جہاں تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وائرس سے 1036 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں سے 20 افراد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 280 تک جاپہنچی ہے جبکہ صوبے بھر میں 10 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG