پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 2280 ہو گئی
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2280 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان مطابق 700 زائرین، 696 رائے ونڈ تبلیغی مرکز سے منسلک افراد، 80 قیدیوں اور 804 عام شہریوں میں اب تک وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں 220، ملتان میں 457 اور فیصل آباد میں 23 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
تبلیغی جماعت سے منسلک افراد میں رائے ونڈ کے 449، شیخوپورہ نو، منڈی بہاؤ الدین 13، سرگودھا 22، میانوالی سات، وہاڑی 25، راولپنڈی میں چھ اور جہلم کے 26 افراد شامل ہیں۔
نیو یارک کے قبرستانوں میں جگہ کم، اجتماعی قبروں میں میتوں کی تدفین
امریکہ کی ریاست نیویارک میں کرونا وائرس سے ہزاروں افراد کی ہلاکت کے بعد قبرستانوں میں تدفین کی لیے جگہ ختم ہو گئی ہے۔ لہٰذا نیویارک کے ہارٹ نامی جزیرے پر اجتماعی قبر کھود کر میتوں کو دفنایا جا رہا ہے۔
کرونا ریلیف فنڈ کے تحت امدادی رقوم کی ادائیگی جاری
حکومت پاکستان کی طرف سے کرونا وائرس ریلیف فنڈ کے تحت لوگوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق افراد میں فی خاندان 12 ہزار روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ کئی شہروں میں رقم کی تقسیم کے دوران بدنظمی بھی دیکھنے میں آ رہی ہے اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔
امریکہ: اموات کے باوجود موسم گرما تک معمولات زندگی بحال ہونے کی اُمید
امریکہ میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال آنے والے مریضوں کی تعداد میں کمی سے وبا پر قابو پانے کی امید نظر آ رہی ہے۔ طبی ماہرین موسم گرما تک امریکہ میں معمولات زندگی بحال ہونے کی نوید بھی سنا رہے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث بے روزگاری میں اضافے اور معاشی نقصان کی وجہ سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سماجی پابندیاں ہٹانا چاہتے ہیں۔ تاکہ امریکہ میں کاروبارِ زندگی جلد سے جلد دوبارہ بحال ہو سکے۔
امریکی صدر نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ تاریک سرنگ کے دوسری طرف روشنی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے امریکہ میں کیے گئے اقدامات سے اس مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی اسپتالوں میں داخلے کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
امریکہ میں جمعرات کو کرونا وائرس کے باعث 1783 ہلاکتیں ہوئیں۔ جو بدھ کو ہونے والی ہلاکتوں سے 190 کم ہیں۔