امریکہ کی 10 ریاستوں نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی
دنیا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتوں اور نئے کیسز کے باوجود امریکہ کی 10 ریاستوں نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس کا مرکز بن جانے والی امریکی ریاست نیویارک سمیت 10 ریاستوں کے گورنرز نے پیر کو مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ معاشی سرگرمیاں شروع کرنے جا رہے ہیں۔
ریاستی گورنروں کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے تمام اختیارات اُن کے پاس ہیں۔
امریکہ میں کرونا وائرس کے پیشِ نظر عائد پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے باعث اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور چھوٹے کاروباری اداروں اور تاجروں کو شدید جھٹکا لگا ہے۔
کرونا وائرس: کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدور بھی متاثر
پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن سے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدور بھی پریشان ہیں۔ ایک طرف انہیں کرونا وائرس کا خوف ہے تو دوسری جانب وہ روزگار نہ ہونے سے تنگ ہیں۔ حکومتی پابندیوں نے ان مزدوروں کو کس مشکل میں ڈالا ہوا ہے؟ جانتے ہیں کوئٹہ سے ایک کان کن کی زبانی
پاکستان میں ہلاکتیں 96 ہو گئیں
بھارت میں کرونا وائرس کے 10 ہزار سے زائد مریض، لاک ڈاؤن میں توسیع
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں تین مئی تک توسیع کر دی ہے۔ دوسری جانب بھارت بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق منگل کو بھارتی وزیر اعظم نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ایک چیلنج ہے۔
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہر بھارتی شہری کو تین مئی تک لاک ڈاؤن میں رہنا ہو گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس کا ملک کے دیگر حصوں میں پھیلاؤ روکنے کے لیے معاونت کریں۔
خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 363 ہو گئی ہے جب کہ اب تک 339 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔