سندھ میں مارکیٹیں کھولنے سے متعلق فیصلہ دو روز کے لیے ملتوی
حکومت سندھ کے اعلان کے تحت بدھ کو بیشتر صنعتوں میں کام کا آغاز ہو گیا ہے۔ تاہم اہم کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ بدستور بند ہیں۔
سندھ حکومت نے تاجروں سے ملاقات کے بعد طے کیا ہے کہ چھوٹے کاروبار کو کھولنے سے قبل ایس او پی تیار کیے جائیں گے جس کے بعد تاجروں اور حکومت نے مارکیٹوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ دو روز کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
لاک ڈاون میں نرمی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم پبلک ٹرابسپورٹ کو بند رکھنے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
پولیس کی جانب سے لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے اہم شاہراہوں پر ناکے بھی بدستور قائم ہیں۔
صوبے میں پلمبرز، حجام، الیکٹریشن، مکینک، زرعی مشنری مکینک، سیمنٹ پلانٹ، کھاد انڈسٹری، اینٹوں کے بھٹے، ڈرائی کلینر، بلڈنگ مٹیریل، سینیٹری ٹائلز کی دکانیں، ماربلز فیکٹریز، ٹیلر،کریانہ، دودھ اور دھی کی دکانیں صبح چھ سے رات نو بجے تک کھلی رہیں گی۔
ویٹرنری اسپتال، ای کامرس، سافٹ وئیر ڈویولپنگ، فلاحی تنظیموں کے دفاتر، منرلز پلانٹ، بک شاپ، فوٹو کاپی شاپ، اور کار پینٹرز، رنگ ساز، مستری، مزدور، میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
الیکٹرک اسٹور، بیکریز، بینک، ہارڈویئر شاپ، لیبارٹریز، نجی اسپتال صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کھلیں گے لیکن یہاں کام کرنے والوں کو ماسک اور دکان پر ہینڈ سینٹائزر ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بھارت: وارانسی کے شمشان گھاٹ ویران
دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وہیں بھارت کے شہر وارانسی میں مردوں کی آخری رسومات کے لیے مقدس سمجھے جانے والے شمشان گھاٹ ویران ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پھیلنے سے پہلے یہاں ہر روز تقریباً 300 مردے جلائے جاتے تھے جب کہ اب یہ بمشکل 40 مردے سپرد آتش کیے جاتے ہیں۔
وارانسی کے شمشان گھاٹ میں پہلے ایک ایک مردے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے 100 افراد آتے تھے تو اب یہ تعداد صرف چار یا پانچ افراد تک محدود ہو گئی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں واقع وارانسی شہر کو صوفیانہ شہر کی سی حیثیت حاصل ہے۔