کرونا سے بچاؤ کے لیے منظور پشتین کی اپیل
پشتون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین نے ایک ویڈیو پیغام میں پشتونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
منظور پشتین کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں تباہی مچا دی ہے۔ لاکھوں لوگ اس وبا سے بیمار ہوئے ہیں اور ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ مرض اب تک لاعلاج ہے۔ مگر ڈاکٹروں، علما، دانشوروں اور سیاسی رہنماؤں کی متفقہ رائے ہے کہ لوگ احتیاط کریں۔
اپنے پیغام میں منظور پشتین کا کہنا تھا کہ وہ پشتونوں سے اپیل کرتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر، صفائی اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد اسلام آباد کی صورتِ حال
سندھ میں مزید 150 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص
پاکستان کے صوبہ سندھ میں منگل کو مزید 150 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ یہ تعداد اب تک ایک روز میں متاثر ہونے والے لوگوں کی سب سے بڑی تعداد بتائی جاتی ہے۔ اس سے قبل ایک ہی روز میں سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 104 سامنے آئی تھی۔
ترجمان صوبائی حکومت مرتضی وہاب کے مطابق صوبے میں چھ مزید افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 41 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق صوبے میں اب تک 16 ہزار 26 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 133 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 560 ہو چکی ہے۔
امریکہ میں ایک دن میں 2200 ہلاکتیں، کیسز چھ لاکھ سے متجاوز
امریکہ میں کرونا وائرس کے باعث ایک ہی دن میں ریکارڈ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ منگل کو ملک بھر میں کرونا وائرس سے 2228 افراد ہلاک ہو گئے۔
ریاست نیو یارک کے حکام نے پھیپھڑوں کی بیماری سے ہلاک ہونے والے غیر مصدقہ مشتبہ مریضوں کو بھی کرونا سے ہلاکتوں میں شمار کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ جس کے بعد نیو یارک میں ہلاکتیں 10000 سے زائد ہو گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 11 مارچ سے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کا ڈیٹا مرتب کرنے کے عمل کا آغاز ہوا۔ جس کے بعد 3700 سے زائد ایسے افراد ہلاک ہوئے جن کا متعدی مرض کے باعث انتقال ہوا، لیکن ان افراد کے کرونا ٹیسٹ نہیں کیے گئے تھے۔
کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کے علاوہ نیو یارک میں سانس کی بیماریوں کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں 60 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔