صدر ٹرمپ کی کانگریس کو ملتوی کر کے تقرریاں کرنے کی دھمکی
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر اہم عہدوں پر تعیناتیاں کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ صدر نے دھمکی دی ہے کہ وہ اس کے لیے کانگریس کو ملتوی بھی کر سکتے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ سینیٹ میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے اراکین اُن کی جانب سے کی گئی اعلٰی عہدوں پر تقرریاں روکنا چاہتے ہیں۔ لہذٰا وہ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے دونوں ایوانوں کو ملتوی کر کے اہم عہدوں پر تعیناتیاں یقینی بنائیں گے۔
صدر نے جن عہدوں پر تعیناتیوں کی منظوری دی ہے ان میں ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس اور نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ کو چلانے والی ایجنسی کے سربراہ کا عہدہ بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے حالیہ دنوں میں وائس آف امریکہ کی کرونا وائرس سے متعلق کوریج پر تنقید بھی جاتی رہی ہے۔
- By شمیم شاہد
قبائلی اضلاع میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ
پاکستان کے دیگر علاقوں کی طرح تمام قبائلی اضلاع میں بھی تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ شہروں اور قصبوں کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ آبائی علاقوں کو واپس جا چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال کے پیش نظر ملک کے زیادہ تر تعلیمی اداروں نے آن لائن درس و تدریس کا سلسلہ شروع کر دیا ہے مگر قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات نہ ہونے کے باعث یہاں کے طلبہ اس تدریس کے عمل کا حصہ بننے سے محروم ہیں۔
قبائلی علاقؤں کے متاثرہ طلبہ اور نوجوانوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی قبائلی اضلاع میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
'نماز تراویح اور اجتماعی عبادات سے متعلق حتمی فیصلہ ریاستِ پاکستان کا ہی ہو گا'
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان میں نماز تراویح اور اجتماعی عبادات سے متعلق کسی کی خواہش پر فیصلے نہیں ہوں گے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ریاستِ پاکستان کا ہی ہو گا۔
وفاقی وزیر کے بقول رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے نماز اور تراویح سے متعلق جو کہا وہ اُن کے فیصلے کے بجائے مطالبات تھے۔
نور الحق قادری نے بتایا کہ رمضان میں پاکستان سے لوگ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہیں جا سکیں گے۔ سعودی حکومت نے رمضان میں عمرہ ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔
اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ مساجد میں عبادات کے حوالے سے حکومت اور علما کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ علما کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات صرف کرونا وائرس کے باعث ہی نہیں بلکہ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے۔
'پاکستان میں وائرس اب مقامی سطح پر پھیل رہا ہے'
پاکستان میں کرونا وائرس سے ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز اور ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 520 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد کیسز کی تعداد 6505 اور 17 ہلاکتوں کے ساتھ مجموعی ہلاکتیں 124 ہو گئی ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بارے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ڈاکٹر ممتاز علی خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس اب مقامی سطح پر پھیل رہا ہے۔ دو ہفتے پہلے اس کا مقامی سطح پر پھیلاؤ 30 فی صد تھا لیکن اب یہ بڑھ کر 50 فی صد سے زائد ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر ممتاز کے مطابق آئندہ دو ہفتے خاصے اہم ہیں کیونکہ مقامی سطح پر ان کے پھیلاؤ کے باعث کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اُن کے بقول، اس وقت کیسز کی تعداد زیادہ سامنے آنے کی ایک وجہ ٹیسٹ زیادہ ہونا بھی ہے۔ جب کرونا وائرس سامنے آیا تھا اس وقت صرف این آئی ایچ کے پاس یہ سہولت موجود تھی لیکن اب ملک میں 42 مقامات پر ٹیسٹ لینے کی سہولت موجود ہے۔
ڈاکٹر ممتاز کا کہنا تھا کہ اس وقت روزانہ ایک ہزار ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود ہے اور اس میں مزید اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے اور ہم 20 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی استعداد رکھتے ہیں۔