دبئی میں سڑکوں پر سینیٹائزنگ گیٹ نصب
'مہاجرین کی واپسی سے افغانستان میں کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے'
اقوامِ متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ایجنسی (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور ایران سے افغانستان واپس آنے والے ہزاروں مہاجرین سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھنے اور کرونا کی وبا پھیلنے کا خدشہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان اور ایران میں 24 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین مقیم ہیں اور حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں افغان باشندوں نے اپنے وطن واپسی کی ہے۔
یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ مارچ کے مہینے سے اپریل کے دوسرے ہفتے تک پاکستان سے ہزاروں کی تعداد میں مہاجرین واپس افغانستان آئے ہیں جب کہ ایران سے واپس آنے والے مہاجرین کی تعداد بھی 60 ہزار کے قریب ہے۔
ادارے کے ترجمان بابر بلوچ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں یومیہ 1500 مہاجرین کی واپسی ہو رہی ہے اور موجودہ صورتِ حال میں کرونا وائرس افغانستان کے تباہ حال صحت کے نظام کے لیے ایک خطرہ بن چکا ہے۔
کرونا وائرس: انڈین پریمیئر لیگ غیر معینہ مدت تک ملتوی
بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن میں تین مئی تک توسیع کے فیصلے کے بعد رواں سال ہونے والی انڈین پریمئر لیگ غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' نے آئی پی ایل کی فرنچائز کے عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے فیصلے سے متعلق فرنچائز کو آگاہ کر دیا ہے۔
آئی پی ایل 2020، 29 مارچ سے شروع ہونا تھی۔ لیکن لاک ڈاؤن کے باعث اسے 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا۔ لیکن اب اسے غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا (بی سی سی آئی) حکام نے فرنچائزز کو فیصلے سے متعلق آگاہ کرنے سے قبل ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مشاورت کی۔
'دہلی کیپیٹل' کے چیف ایگزیکٹو دھیرج ملہوترا نے رائٹرز کو بتایا کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
- By ضیاء الرحمن
لاہور کے پانچ علاقوں میں کرونا وائرس 'سپر اسپریڈر' کے ذریعے پھیلا
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور کے پانچ علاقوں میں کرونا وائرس 'سپر اسپریڈر' کے ذریعے پھیلا۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے پانچ علاقوں میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے کے بعد 'سپر اسپرریڈر' اصطلاح سامنے آئی ہے۔
وائس آف امریکہ کو میو اسپتال لاہور کے پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے بتایا کہ سپر اسپریڈر ایک طبی اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے کہ کسی بھی بیماری کا شکار ایسا فرد جو زیادہ لوگوں کو متاثر کر سکے۔
پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق کرونا کی حالیہ وبا کے دوران سپر اسپریڈر کی اصطلاح لاہور
میں ثمن آباد کے علاقے اسکندریہ کالونی کے لیے استعمال کی گئی ہے۔ جہاں کرونا کا مرض بہت تیزی سے پھیلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپر اسپریڈر ایسے شخص کو کہتے ہیں کہ جو ہر جگہ پھرا ہے، وہ گھروں میں بھی گیا ہے، بازار میں بھی چکر لگایا ہو۔ اپنے رشتہ داروں میں بھی پھرا ہے۔ ایسے شخص کیرئیر (بیماری پھیلانے کا ذریعہ) ہوتے ہیں۔
سپر اسپریڈر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو پتا نہیں ہوتا کہ وہ کسی مرض یا کرونا میں مبتلا ہے لیکن وہ کیرئیر بن جاتا ہے جو جہاں جہاں جاتا ہے اُس بیماری (کرونا) کے
جراثیم پھیلاتا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکندریہ کالونی میں بھی ایک کرونا سے متاثرہ شخص معمول کے مطابق علاقے میں پھرتا رہا اور لوگوں میں کرونا کے وائرس منتقل کرتا رہا۔ اصولی طور پر سائنس کے مطابق کسی بھی وبا کا شکارایک شخص اپنا میل جول محدود رکھے تو وہ کم از کم دس لوگوں کو متاثر کرتا ہے اور اگر ایسا متاثرہ شخص مختلف گھروں اور کام کے لیے دفتر بھی جا رہا ہے جب کہ بازاروں میں بھی گیا ہو تو وہ 10 سے زیادہ افراد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
محکمہ پرائمری اینڈ اسکینڈری ہیلتھ پنجاب کے مطابق لاہور کے پانچ علاقوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک دم سامنے آئی۔ جس کے بعد اِن علاقوں کی جانچ پڑتال اور متاثرہ اشخاص کے ٹیسٹ شروع کیے گئے۔