افغان صدر کا ایک بار پھر طالبان پر جنگ بندی پر زور
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک بار پھر طالبان پر جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
اشرف غنی نے کہا ہے کہ فائر بندی سے جنگ زدہ علاقوں میں امدادی رضا کاروں کو کرونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی مدد کر سکیں گے۔ آنے والے ہفتوں میں وبا سے مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔
افغان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کو امریکہ، خطے کے ممالک اور افغان عوام کی اس بات کو سننا چاہیے جس میں ان سے لڑائی کی بندش کا کہا جا رہا ہے۔
اشرف غنی نے وبا سے افغانستان میں صحت کا شعبہ شدید متاثر ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا۔
پاکستان سمیت 76 ملکوں کو قرضوں کی ادائیگی میں چھوٹ ملنے کا امکان
دنیا کی بڑی معیشتوں پر مشتمل جی۔20 ممالک نے عالمی مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ غریب ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے زیادہ وسائل بروئے کار لا سکیں۔
جی۔20 ممالک کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان سمیت 76 ممالک کو رواں سال واجب الادا 40 ارب ڈالرز کے قرضوں کی ادائیگی میں ایک سال کی چھوٹ ملنے کا امکان ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی درخواست پر جی-20 ممالک نے پاکستان سمیت 76 ملکوں کو قرضوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل جی۔سیون ممالک نے اس حوالے سے جی۔20 ممالک کو فیصلہ کرنے کا کہا تھا۔ عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ (ٓآئی ایم ایف) نے بھی جی۔20 ممالک کے فیصلوں پر عمل درآمد کا عندیہ دیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولت ایک تاریخی اقدام ہے۔ جس سے غریب ممالک کو کرونا وائرس کے باعث درپیش صورتِ حال سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔
برطانیہ: شہری کی 100ویں سالگرہ پر انوکھی مہم جوئی
کرونا کی وبا کے دوران دنیا بھر میں لوگوں نے لاک ڈاؤن کے اندر رہتے ہوئے اس سے نمٹنے کے نت نئے طریقے اختیار کرنے شروع کر دیے ہیں اور اس سلسلے میں متاثرہ افراد کے لیے طبی خدمات انجام دینے والے عملے کو خراج تحسین پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔
برطانیہ میں ایک شہری ٹام مور نے اپنی 100 ویں سالگرہ سے قبل گھر کے باغیچے میں 25 میٹر لمبائی کے احاطے میں دوڑ کے 100 چکر مکمل کیے۔
ایسا کرتے ہوئے ٹام مور نے برطانیہ کی قومی صحت کی خدمات کے ادارے کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم اکٹھی کی ہے۔
چندہ اکٹھا کرنے کی اس آن لائن مہم کے دوران 624000 ڈالر کا ہدف رکھا گیا تھا تاہم ٹام مور کے 100 چکر مکمل ہونے تک عطیات کی رقم ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔
ٹام مور نے کہا کہ انہیں اس مہم کے لیے ترغیب اس وقت ملی جب انہیں کینسر کے دوران بے مثال طبی امداد دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تجربات کو یاد رکھنا چاہئیے اور ہم کرونا وائرس سے بھی بالآخر نجات حاصل کر لیں گے۔
پاکستان میں کیسز میں تیزی سے اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بارے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ڈاکٹر ممتاز علی خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس اب مقامی سطح پر پھیل رہا ہے۔
ان کے بقول دو ہفتے پہلے اس کا مقامی سطح پر پھیلاؤ 30 فی صد تھا لیکن اب یہ بڑھ کر 50 فیصد سے زائد ہوچکا ہے ۔
ڈاکٹر ممتاز کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ہفتے خاصے اہم ہیں کیونکہ مقامی سطح پر ان کے پھیلاؤ کے باعث کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کیسز کی تعداد زیادہ سامنے آنے کی ایک وجہ ٹیسٹ زیادہ ہونا بھی ہے۔ جب کرونا وائرس سامنے آیا تھا اس وقت صرف این آئی ایچ کے پاس یہ سہولت موجود تھی لیکن اب ملک میں 42 مقامات پر ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔